ویب ڈیسک: ایک امریکی عدالت نے برطانوی مصنف سلمان رشدی کو ’قتل کرنے کی کوشش‘ کرنے والے ’حملہ آور‘ کو مجرم قرار دیا ہے۔ نیو جرسی سے تعلق رکھنے والے 27 برس کے ہادی ماطر کو 30 برس سے زائد قید کی سزا کا سامنا ہے۔
ہادی ماطر کو مجرم قرار دینے کے بعد اب ان کی سزا کا تعین 23 اپریل کو کیا جائے گا۔
سلمان رشدی پر یہ حالیہ حملہ اگست 2022 میں امریکی ریاست نیویارک کے ایک تعلیمی ادارے میں اُس وقت ہوا تھا جب وہ سٹیج پر بیٹھا تھا اور سامعین کو ایک لیکچر دینے کی کوشش کررہا تھا ۔ اس حملے میں سلمان رشدی کا ایک ہاتھ مفلوج ہوا، اُس کے جگر کو نقصان پہنچا اور وہ ایک آنکھ کی بینائی سے محروم ہو گیا تھا۔
ملزم ہادی ماطر استغاثہ کی جانب سے خود پر لگائے گئے الزامات سے انکار کرتے ہیں۔ تاہم جمعے کے دن دو ہفتوں کے ٹرائل کے بعد ایک جیوری نے ہادی ماطر کو قصوروار قرار دیا تھا۔
اس مقدمے کی سماعت نیو یارک کی جس عدالت میں ہوئی وہ اُس مقام سے کچھ ہی میل دور واقع ہے جہاں سلمان رشدی پر حملہ ہوا تھا۔