ثمینہ بیگ کے ٹو سر کرنی والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں

ثمینہ بیگ کے ٹو سر کرنی والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں
پاکستان میں کوہ پیمائی کے فروغ پر کام کرنے والی تنظیم الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق ثمینہ بیگ دنیا کا دوسرا سب سے اونچا پہاڑ کے ٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی ہیں جبکہ نائلہ کیانی اور ان کی ٹیم نے بھی چوٹی سر کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ جمعرات کے روز دنیا کی دوسری بلند ترین اور پاکستان کی بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی ہیں اور ان کے بعد نائلہ کیانی جو کہ دبئی میں مقیم پاکستانی نژاد ہیں وہ بھی چوٹی سر کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔ الپائن کلب کا کہنا ہے کہ ثمینہ بیگ سمیت پاکستانی کوہ پیماؤں کی 7رکنی ٹیم نے 8611 میٹر k2 کو جمعرات کی صبح 7بج کر 42 منٹ پر سر کیا ۔ ثمینہ بیگ کو دنیا کے سات براعظموں کی سات بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے اور 2013 میں وہ دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بنی تھیں۔ الپائن کلب کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی پاکستانی ٹیم نے کے ٹو سر کیا ہے۔ سات رکنی ٹیم میں ثمینہ بیگ کے ساتھ بلبل کریم، رضوان داد، عید محمد، احمد بیگ، اکبر حسین سدپارہ اور وقار علی شامل تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس تاریخی کارنامے پر ثمینہ بیگ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کو ’خواتین کیلئے عزم و ہمت اور بہادری کی علامت‘ قرار دیا ہے۔ الپائن کلب کا کہنا ہے کے جمعرات کو k2 سر کرنے والی دوسری ٹیم میں نائلہ کیانی، سہیل سخی اور سرباز خان شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ایران کی افسانے ہشامی فرد بھی کے ٹو سر کرنے والی پہلی ایرانی خاتون بن گئیں ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔