لگتا ہے 9 مئی مقدمات میں مجھے ملٹری جیل بھیجا جائے گا، عمران خان

لگتا ہے 9 مئی مقدمات میں مجھے ملٹری جیل بھیجا جائے گا، عمران خان

(ویب ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان  کا کہنا ہے کہ لگتا ہے 9 مئی مقدمات میں مجھے ملٹری جیل بھیجا جائے گا۔

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان  نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ  14 مارچ کو ہمارے وکلاء نے شورٹی بانڈ دیا کہ ہم گرفتاری دینے کے لیے تیار ہیں ،18 مارچ کو میرے پر حملہ ہوا اور میں نے حاضر سروس افسر کا نام لیا تھا۔  میں نے کارکنان کو کہا کہ اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو پرامن احتجاج کرنا ہے۔

عمران خان  نے جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کی کال دینے کا اعتراف کر لیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ لگ گیا تھا یہ مجھے گرفتار کریں گے،اپنی گرفتاری سے قبل کارکنان کو جی ایچ کیو کے سامنے پرامن احتجاج کی کال دی تھی۔  یاسمین راشد نے کارکنان کو جناح ہاؤس میں داخل ہونے سے روکا ، ہمارے 16 لوگوں کو شہید کیا گیا، 3 لوگوں کی ٹانگیں کاٹی گئی اور ایک کو معذور کیا گیا ،ہمارے 10 ہزار لوگوں کو اٹھایا گیا اور ان کو سزا دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج ایجنسیوں نے چھپائی،نو مئی کے مقدمات میں بھی میرے خلاف وعدہ معاف گواہ تیار کیے جا رہے ہیں،ان کا پلان ہے کہ مجھے بھی نو مئی کے مقدمات میں ملٹری جیل میں ڈالیں،اورملٹری کورٹ لیکر جائیں، رانا ثناء اللہ اور احسن اقبال نے بیان دیا کہ مجھے جیل میں رکھا جائے ۔

عمران خان نے کہا کہ  14 مارچ کو پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نے میرے گھر پر دھاوا بولا ، جب مجھے گولیاں ماری گئیں تب کسی نے جلاو گھیراو نہیں کیا ، میں نے کبھی اپنی جماعت کو جلاو گھیراو کے لیے نہیں اکسایا۔

بانی پی ٹی آئی   نے کہا کہ  ان کا خیال تھا کہ مجھے گرفتار کیا جائے تو پارٹی ٹوٹ جائے گی ، پرویز خٹک نے ہمارے لوگوں کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی جلد گرفتار ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عطاء تارڑنے کہا ہے میں جیل کے وی آئی پی کمرے میں ہوں۔ اگر عطاء تارڑ سچ بول رہا ہے تو آکرمجھ سے ملے۔میڈیا دو منٹ کے لیے آ کر میرے کمرے کادورہ کرے۔ڈیتھ سیل اور دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار ملزمان کے سیل کی دیواریں میرے کمرے کے ساتھ ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ 8 فروری کو کوور کرنے کے لیے جھوٹ پر جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کی ریویو پٹیشن پر چیف جسٹس پاکستان کو بہت جلدی ہے۔چیف جسٹس سے کہتا ہوں ہماری 25 مئی کے حوالے سے پٹیشن پر سماعت کیوں نہیں ہو رہی۔ سب کو پتہ ہے کہ سپریم کورٹ میں اب یک طرفہ معاملہ چل رہا ہے۔ ہمارے کارکنان ملٹری جیل میں پڑے ہوئے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ  سرینہ عیسی کے میرے خلاف بیانات سوشل میڈیا پر پڑے ہیں۔ اخلاقی طور پر چیف جسٹس کو ہمارے خلاف مقدمات نہیں سننے چاہیے۔ وفاق پنجاب اور کے پی میں اپنے ممبران پارلیمنٹ کو بھوک ہڑتال کرنے کا کہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف مگرمچھ کے آنسو بہا کر اپنی حکومت سے کہہ رہا ہے کہ مہنگائی کر دی ہے۔ نون لیگ نے اپنے دور حکومت میں آئی پی پیز کے ساتھ مہنگے معاہدے کیے۔آئی پی پیز کے ساتھ مہنگے معاہدوں کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں کنٹرول سے باہر ہیں۔یہی لوگ آئی پی پیز کو لے کر ائے تھے اور اب یہی کپیسٹی چارجز ادا کر رہے ہیں۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے بنوں واقعہ پر فوج پر براہ راست فائرنگ کا الزام عائد کیا لیکن خیبر پختون خواہ حکومت نے اپ کے بیان کے برعکس ریلیز جاری کی جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ  میں جیل میں ہوں مجھے کیا پتا باہر کیا ہو رہا ہے.

صحافی نے پھر سوال کیا کہ آپ نے براہ راست فوج پر بنوں واقعہ کی فائرنگ کا الزام عائد کیا اپ کو ایسی انفارمیشن کون دیتا ہے آپ کے پاس اس کا کیا ثبوت ہے کیا آپ پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی فوج کی براہ راست فائرنگ کے اپنے بیان سے مکر گئےکہا میں نے اس سے بڑی بات کی ہے کہ بنو واقعہ پر جوڈیشل کمیشن قائم کر کے حقائق کا تعین کیا جائے. مجھے ایک جیل میں قید کی سزا ہے اور دوسرا جیل میں پی ٹی وی دیکھنے کی سزا دی ہوئی ہے.

صحافی نے ایک اور سوال کیا کہ  کہا جا رہا ہے کہ اکتوبر تک ملک میں ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ لایا جائے گا کہ اپ اس کی سپورٹ کریں گے,جس پر عمران خان نے کہا کہ  ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ لانے سے بہتر ہے یہ ملک میں سیدھا سیدھا مارشل لا لگا دیں ویسے بھی ملک میں غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ ہے.جو سمجھتا ہے کہ ملک کو بحران سے نکالنے کا حل ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ میں ہے وہ بے وقوف ہے.

Watch Live Public News