مردہ قرار دیا گیا شخص زندہ ہو گیا

مردہ قرار دیا گیا شخص زندہ ہو گیا
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) انڈیا میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایکسیڈنٹ میں مردہ قرار دیا گیا ایک شخص معجزاتی طور پر دوبارہ زندہ ہو گیا۔ ڈاکٹروں نے اس شخص کو مردہ قرار دے کر اس کی لاش کو سرد خانے میں رکھ دیا تھا، جہاں اس نے یخ بستہ ماحول میں ایک رات گزاری۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ عجیب وغریب واقعہ انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی کے قریبی شہر مراد آباد میں پیش آٰیا جہاں ایک موٹر سائیکل حادثے میں زخمی اس شخص کو انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا۔ اس شخص کا نام سریش کمار بتایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹروں نے حادثے میں زخمی اس شخص کو مردہ قرار دیتے ہوئے اس کی لاش کو سرکاری ہسپتال کے سرد خانے بھیج دیا تاکہ اس کا پوسٹ مارٹم کیا جا سکے۔ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) راجندر کمار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مذکورہ شخص مر چکا تھا، اس میں زندگی کے کوئی آثار ہی باقی نہیں بچے تھے۔ ہم نے اس کی لاش کو مردہ خانے میں رکھا، جہاں لگ بھگ چھ گھنٹوں بعد اس کے خاندان کے افراد پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس ٹیم اور اس کے خاندان کا فرد پوسٹ مارٹم کیلئے کاغذی کارروائی شروع کرنے پہنچے تو حیران رہ گئے کیونکہ وہ زندہ تھا اور اس کی سانسیں چل رہی تھیں۔ ڈاکٹر راجندر کمار نے کہا کہ اس شخص کی عمر 45 سال ہے، اگرچہ وہ ابھی تک کومہ میں لیکن ہم اس کا بھرپور علاج کر رہے ہیں۔ اس کا زندہ بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔ خیال رہے کہ 2018ء میں بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں بھی اس قسم کا واقعہ سامنے آیا تھا جہاں جب نوجوان کو مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔ 24 سالہ اس نوجوان کا بھی ایکسیڈنٹ ہوا تھا۔ اس کی لاش کو آبائی علاقے لے جایا گیا اور آخری رسومات کی تیاری کی جا رہی تھیں کہ اچانک وہ زندہ ہو گیا۔