بغیر سیاسی استحکام کے حالات بہتر نہیں ہوں گے، عمران خان

بغیر سیاسی استحکام کے حالات بہتر نہیں ہوں گے، عمران خان
لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ بغیر سیاسی استحکام کے حالات بہتر نہیں ہوں گے، دیر یہ کریں گے، فائدہ پاکستان تحریک انصاف کو ہوگا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے کراچی میں معیشت کے حوالے سے سیمینار میں ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مسائل کا حل صرف شفاف الیکشن ہےمیں نے کہا تھا یہ لوگ ملک کو دیوالیہ کی طرف لے جائیں گے، کوئی بھی لے آئیں بغیر سیاسی استحکام کے حالات بہتر نہیں ہوں گے۔ عمران خان نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ہم سب کچھ اقتدار میں آنے کے لئے کر رہے ہیں، ملک کا جو حال ہے ہم نے ہی اقتدار میں آنا ہے، دیر یہ کریں گے فائدہ پی ٹی آئی کو ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آج کاروباری برادری جو سمجھ رہی تھی کہ یہ کچھ کر دیں گے وہ بھی مایوس ہیں۔ مجھے یہ خوف ہے کہ یہ لوگ معاملات کو اس طرف نہ لے جائیں جہاں سے نکلنا بہت مشکل ہو جائے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ 2018 میں حالات بہت برے تھے،سب سے بڑا مسئلہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تھا،ہم نے حکومت میں آکر پہلا سال بہت مشکل سے گزارا۔اگر سعودی عرب، چین اور یو اے ای مدد نہ کرتے تو ہمارے لئے بہت مشکلات تھیں۔ عمران خان نے کہا کہ اس کے بعد کورونا وباء پھیل گئی جس سے مسائل میں اضافہ ہوا، سب نے لاک ڈاؤن لگانے پرمجھے تنقید کا نشانہ بنایا، اگر ہم کورونا میں معیشت کا پہیہ روکتے تو یہاں لوگ بھوکے مر جاتے، ہم نے کورونا وباء کے دوران بہت مشکل فیصلے کئے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے اس وقت بھی کہا تھا حکومت کی تبدیلی سے دباؤ معیشت پر آئے گا۔ جن کو لایا گیا ان کا تو 30 سالہ ریکارڈ ہے،جب سے یہ 2 خاندان سیاست میں آئے تو ہم پیچھے جانا شروع ہوئے، جو آج ہوا ہے یہ ہونا ہی تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ضروری ہے، ہم ایف بی آر میں ٹیکنالوجی لانا چاہتے تھے لیکن اندر بیٹھے لوگ ہی یہ نہیں چاہتے تھے۔ملک میں رئیل اسٹیٹ سب سے بڑا مافیا ہے،اسلام آباد میں 1200 ارب روپے کی سرکاری زمین پر قبضہ ہے، ملک میں قانون کی حکمرانی ہو گی تو بیرونی سرمایہ کاری آئے گی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔