ایرانی صدر کا دورہ پاکستان: دوسرے روز کی مصروفیات کیا رہیں؟

ایرانی صدر کا دورہ پاکستان: دوسرے روز کی مصروفیات کیا رہیں؟
کیپشن: Iranian President's visit to Pakistan: What should be the engagements of the second day?

ویب ڈیسک: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستانی دورے کے دوسرے روز لاہورپہنچ گئے۔ جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایئرپورٹ پر معزز مہمان کااستقبال کیا۔ ایرانی صدر ایئر پورٹ سے مزار اقبالؒ پہنچے۔ جہاں پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ 

معزز مہمان نے شاعر مشرق کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ایرانی صدر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا لاہور پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزراء نے ایئرپورٹ پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع، صوبائی وزراء سلمان رفیق، بلال یاسین، چوہدری شافع، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور ایرانی قونصل جنرل مہران مواحدفر سمیت دیگر حکام موجود تھے۔

مریم نواز کی گورنر ہاؤس میں ایرانی صدر سے ملاقات:

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اول سے لاہور آمد پر اظہار تشکر کیا۔ 

مریم نواز نے ایران کے صدر اور خاتون اول سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ایرانی صدر ابرہیم رئیسی اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا جس میں روایتی دیسی کھانوں سے تواضع کی گئی۔ 

مریم نواز نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اول جمیلہ علم الہدیٰ کا لاہور آمد پر شکریہ ادا کیا۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے انہیں اسلامی انقلاب کی 45ویں سالگرہ پر مبارک باد بھی پیش کی۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاک ایران دوستی کی تاریخ عشروں پر محیط ہے۔ ایران کے ساتھ غربت کے خاتمے کےلیے اقتصادی منصوبوں پر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ 

انہوں نے کہا صنعتی اور زرعی ترقی کےلیے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پنجاب کی ویلیو ایڈڈ لائیو اسٹاک مارکیٹ میں ایران کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ 

وزیراعلیٰ نے کہا ایف ایم ڈی زونز کے قیام اور حلال گوشت کی برآمد سے دونوں ممالک کثیر زرمبادلہ حاصل کرسکتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا پنجاب میں ماحول دوست گرین انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں، ایران کے عوام کی خوشحالی اور امن و سکون کےلیے دعاگو ہوں۔ 

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اول جمیلہ علم الہدیٰ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

ایرانی خاتون اول کا یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کادورہ: 

ادھر ایرانی خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ رئیسی نے یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کا دورہ کیا۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب، ڈاکٹر جعفر روناس، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر ان کے ہمراہ تھیں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود بھی مہمان خاتون اول کے ساتھ موجود رہیں۔

جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے زیراہتمام تقریب کا اہتمام:

ایرانی خاتون اول کے اعزاز میں جامعہ عروۃ الوثقٰی کے زیراہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا انعقاد خانہ فرہنگ جمہوری اسلامیہ لاہور میں کیا گیا۔ ایرانی خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ رئیسی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں۔ تقریب میں ڈی جی خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر جعفر روناس، خانم طیبہ نقوی ،سمیعہ راحیل قاضی شریک ہوئیں۔ اس کے علاوہ جامعہ عروۃ الوثقٰی، جماعت اسلامی اور منہاج القرآن سے وابستہ خواتین موجود تھیں۔
تقریب کا عنوان خواتین کا بدلتے معاشرے میں کردار رکھا گیا تھا، تقریب میں شرکاء نے پاکستان، ایران اور فلسطین کے جھنڈے لہرائے، خانہ فرہنگ میں مہمانوں کو اعزازی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ 

ایرانی صدر کراچی پہنچ گئے:

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کراچی پہنچ گئے، گورنر کامران ٹیسوری اور وزیراعلی مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا، صدر نے مزار قائد پر حاضری دی۔

ایرانی صدر ایئرپورٹ پہنچے جہاں استقبال کرنے والوں میں  آصفہ بھٹو، صوبائی وزراء عذرا پیچوہو، شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ، سعید غنی، سردار شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایرانی صدر وہاں سے گورنر ہاؤس پہنچے۔

گورنر ہاؤس سے ایرانی صدر مزار قائد پہنچے جہاں انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور کتاب میں تاثرات قلم بند کیے۔