ویب ڈیسک: دنیا میں کچھ انوکھا اور نیا کرنے کی دھن میں مگن ٹیکنالوجی کمپنیوں ٹیسلا اور سپس ایکس کے سربراہ ایلان مسک نے ایک اور بڑا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیسلا گاڑیوں کے ساتھ ساتھ اب انسان نما روبوٹ بھی بنائے گی۔ انھوں نے اعلان کیا ہے کہ ان کی کمپنی اس روبوٹ پر کام شروع کر چکی ہے۔ ٹیسلا اگلے سال تک پروٹوٹائپ سامنے لے آئے گی۔ یہ روبوٹ انسانوں کے ذریعہ کیے جانے والے وہ کام کرنے کی اہلیت رکھتا ہو گا جن سے انسان اکتا جاتا ہے یا اسے وہ کام بار بار کرنے پڑتے ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق آرٹیفیشل انٹیلی جنس دن پر ایلان مسک کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا۔ جس میں انھوں نے بتایا کہ انسان بہت سے ایسے کام ہیں جو وہ نہیں کرنا چاہتا اور ان کاموں کے لیے روبوٹ استعمال ہو سکیں گے۔ ٹیسلا کی گاڑیاں جدید ٹیکنالوجی کی اعلیٰ مثال ہیں، یہ روبوٹ اس ٹیکنالوجی کا اگلا سنگ میل ہے۔ اس روبوٹ میں بھی وہی چپ استعمال کی گئی ہے جو ٹیسلا کی کاروں میں استعمال ہوتی ہے اور یہ روبوٹ 8 کیمروں کی مدد سے حرکت کرے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل دنیا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کی جانب سے بھی ایک ایسے ہی روبوٹ پر کام کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جو گھریلو کاموں کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔