اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے نوجوانوں کو " عمران ٹائیگرز" میں شمولیت اختیار کرنے کی دعوت دے دی۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے " عمران ٹائیگرز" میں شمولیت کا طریقہ کار بھی سمجھا دیا۔ عمران خان نے کہا کہ میں اپنے نوجوانوں کو " عمران ٹائیگرز" میں شمولیت کی دعوت دے رہا ہوں، " عمران ٹائیگرز"میں میرے ملک کے وہ جنونی نوجوان ہوں گے جو گھر گھر میرا پیغام لے کر جائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ میرا پیغام حقیقی آزادی کا پیغام ہے، میرا پیغام ہے کہ کیسے ہم ایک خودار قوم بن سکتے ہیں، ملک میں ناانصافی اور جہالت کا نظام ہے، غریب چوری کرے تو وہ جیل میں، امیر چوری کرے تو اس کو این آر او مل جاتا ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ اقبال کا شاہین وہ ہے جو زنجیریں توڑ کر پرواز کرتا ہے، ہم بدقسمتی سے اب تک آزاد قوم نہیں بن سکے، حقیقی آزادی کا سفر اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے،مجھے حقیقی آزادی کا پیغام پہنچانے کے لیے اپنے نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے الیکشن کے دن دھاندلی روکنے کے لیے بھی اپنے نوجوانوں کی ضرورت ہے، مافیا دھاندلی سے الیکشن جیت جاتا ہے، چاہتا ہوں نظریاتی نوجوان پولنگ اسٹیشن پر موجود رہیں، ہم انشاء اللہ دھاندلی کے باوجود اس ملک کو مافیا سے آزاد کروائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 0300-1119444 واٹس ایپ نمبر پر yes لکھ کر سینڈ کریں اور آج سے "عمران ٹائیگر" کا حصہ بن جائیں ، یس لکھنے کے بعد ایک ویب سائٹ کا نام میسج میں آئے گا،اس میں رجسٹر ہو جائیں، چاہتا ہوں کہ سب نوجوان اس میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں، یہ حقیقی آزادی کی طرف پہلا قدم ہوگا۔