ویب ڈیسک :امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس نے آئندہ انتخابات میں صدر کے منصب کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے اپنی نامزدگی کو قبول کر لیا ہے۔
انھوں نے اپنے خطاب میں ریپبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ کملا کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کی واپسی انتہائی خطرناک ہو گی۔ ٹرمپ صدر کے تمام اختیارات کو محض اپنے مفاد میں استعمال کریں گے۔ کملا نے سابق صدر پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے انتہائی قدامت پسند ایجنڈے کے ذریعے ملک کو پیچھے کی جانب دھکیلنے کے خواہش مند ہیں۔ یہ پورا ایجنڈا ٹرمپ کے قریب ترین مشیر کے تحریر کردہ منصوبے "پروجیکٹ 2025" میں موجود ہے۔
دوسری جانب ٹرمپ نے کملا ہیرس کے خطاب پر تبصرے کے لیے Truth Social پلیٹ فارم پر کئی پوسٹیں کی ہیں۔ سابق صدر کا کہنا ہے کہ کملا کے زیر قیادت امریکا کا کوئی مستقبل نہیں۔ وہ امریکا کو تیسری عالمی جوہری جنگ کی جانب لے جائیں گی۔
ٹرمپ کا مزید کہنا ہے کہ ان کا پروجیکٹ 2025 سے کوئی تعلق نہیں جس کے لیے کملا کا کہنا ہے کہ یہ امریکا کے لیے خطرناک ہو گا۔
امریکی چینل NBC نیوز کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کا حالیہ خطاب ملکی تاریخ میں صدارتی نامزدگی قبول کرنے کے مختصر ترین خطابوں میں سے ہے۔ ان کے خطاب کا دورانیہ 37 منٹ سے کچھ زیادہ تھا۔ اس کے مقابل ڈونلڈ ٹرمپ کا ریپبلکن پارٹی کی جانب سے نامزدگی قبول کرنے کا خطاب تقریبا 92 منٹ تک جاری رہا جو ملکی تاریخ میں طویل ترین ہے۔
Play Video