سری لنکا ایرانی تیل کا قرض چائے سے اتارے گا

سری لنکا ایرانی تیل کا قرض چائے سے اتارے گا
کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا نے ایران کا قرض اتارنے کا انوکھا طریقہ نکال لیا ہے۔ وہ اپنے ذمہ تیل کا قرض چائے سے اتارے گا۔ اس سلسلے میں ہر ماہ 5 ملین ڈالر کی چائے ایران کو دی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دلچسپ اور انوکھے فیصلے بارے میڈیا کو بتاتے ہوئے سری لنکن وزیر کا کہنا تھا کہ ہم ایران سے جتنی بھی تیل کی مصنوعات منگواتے ہیں، اس کی واجب الادا رقم کو چائے بھیج کر اتارا جائے گا۔ سری لنکن وزیر رمیش پتھیرانا کا کہنا تھا کہ ہم نے ایران کو تیل کی مد میں 251 ملین ڈالر کا قرض واپس کرنا ہے۔ اس کو اتارنے کیلئے ہم ہر ماہ اسے پانچ ملین ڈالر مالیت کی چائے بھیجیں گے۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ دنیا کے بیشتر ملکوں کی طرح سری لنکا کو بھی شدید معاشی بحران اک سامنا ہے۔ اس کے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہو چکے ہیں اور اس کے ذمہ بھاری بیرونی قرضے واجب الادا ہیں۔ سری لنکا کی بڑی آمدنی کا ذریعہ سیاحت سے وابستہ ہے لیکن عالمی وبا کورونا کی وجہ سے یہ انڈسٹری زبوں حالی کا شکار ہے۔ اس کی وجہ سے ملکی معاشی مشکلات مزید بڑھ چکی ہیں۔ رمیش پتھیرانا کا کہنا تھا کہ چائے کا شمار ان اشیا میں ہوتا ہے جو انسانی فلاح کے زمرے میں آتی ہے۔ ایران کو چائے کے ذریعے قرض کی ادائیگی سے امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی نہیں ہو سکے گی۔ غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہم پر ایران کا قرض گذشتہ چار سال سے واجب الادا ہے۔ اب ہر ماہ 5 ملین ڈالر چائے کی صورت میں اسے آہستہ آہستہ ادا کر دیا جائے گا۔

Watch Live Public News