وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 فور میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن اور عوام کے قاتل ہیں اور خود کش دھماکے کی رپورٹ طلب کی ہے۔ اسلام آباد پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کو روکا، قوم اپنے بہادروں کو سلام پیش کرتی ہے، پوری قوم مل کر دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی، دہشت گرد پاکستان کے دشمن اور عوام کے قاتل ہیں، ارض پاک کو اس فتنے سے پاک کرکے رہیں گے۔ وزیراعظم کی شہید پولیس اہلکار کو شہدا پیکج دینے کی ہدایت کی ہے جبکہ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان کو غیرمعمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو انعام اور تعریفی اسناد دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہیں ، کہا کہ الحمدللہ! قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی سے بے گناہوں کا خون بہانے کا بڑا اور مذموم منصوبہ ناکام ہوگیا ، عوام دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔