ڈپٹی سپیکر کی رولنگ سپریم کورٹ میں چیلنج

ڈپٹی سپیکر کی رولنگ سپریم کورٹ میں چیلنج
تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی جانب سے 10 اراکین کے ووٹ مسترد کرنے کی رولنگ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن منعقد کیا گیا جس میں چودھری پرویز الٰہی نے 186 ووٹ حاصل کئے لیکن ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری نے غیر قانونی اور غیر آئینی طور پر رولنگ دی۔ سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی سپیکر نے غیر قانونی اور غیر آئینی رولنگ دے کر 10 ووٹ شمار نہیں کئے۔ ڈپٹی سپیکر کی رولنگ سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔ ڈپٹی سپیکر کی رولنگ آئین کے آرٹیکل 63 اے کی بھی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی ووٹ گنتی پر رولنگ کالعدم قرار دے۔ خیال رہے کہ رات گئے سپریم کورٹ کی عمارت کھول کر پٹیشن وصول کی گئی۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا موقع ہے۔ چودھری پرویز الٰہی کی پٹیشن ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ اعجاز گورائیہ نے وصول کی۔ اس موقع پر پرویز الٰہی کے وکیل عامر سعید کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ڈپٹی سپیکر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی۔ ان کی رولنگ خلاف آئین اور قانون ہے۔ ایڈووکیٹ عامر سعید کا کہنا تھا کہ ڈپٹی سپیکر کے خلاف صبح توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کریں گے۔ ڈپٹی سپیکر نے جو غیر آئینی اقدام کیا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ پہلے جسٹس طرح چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لیا، اب بھی لیں۔ ہم چیف جسٹس کے عدالت آنے تک بیٹھے رہیں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔