ہاکس بے ساحل پر نہاتے 6 افراد ڈوب گئے، خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق

ہاکس بے ساحل پر نہاتے 6 افراد ڈوب گئے، خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق
کیپشن: ہاکس بے ساحل پر نہاتے 6 افراد ڈوب گئے، خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک: کراچی میں ہاکس بے کے ساحل پر نہاتے 6 افراد کے ڈوبنے کی اطلاع ہے۔ جس میں سے ریسکیو ٹیموں نے 4 افراد کو بچا لیا ہے جبکہ خاتون سمیت 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ہاکس بے سمندر میں ڈوبنے کا واقعہ سینڈزپٹ ہٹ نمبر این 104 کے قریب پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ سمندر پر پکنک منانے کی غرض سے آنے والے افراد ڈوبے ہیں۔

پولیس کے مطابق ڈوبنے والوں میں چار خواتین اور ایک مرد شامل تھا، خواتین کی شناخت اسما، صہائی، زیب اور نورین کے ناموں سے ہوئی جبکہ ارشاد نامی شخص کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ 

علاوہ ازیں ریسکیو حکام نے دعویٰ کیا کہ تمام افراد کو سمندر سے باہر نکال لیا گیا جبکہ ایک خاتون اور مرد کی حالت تشویشناک تھی اور انہیں بذریعہ ایمبولنس اسپتال روانہ کردیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ ڈوبنے والوں میں سے 4 افراد کو بچا لیا گیا جبکہ 2افراد کی تلاش جاری ہے۔

خیال رہے کہ موسم گرما کے دو ماہ جون اور جولائی میں سمندر میں طغیانی ہوتی ہے جس کے باعث اونچی لہریں بنتی ہیں اور اس عرصے میں شہریوں کی بڑی تعداد ساحل سمندر کا رخ بھی کرتے ہیں اور متعدد افسوسناک واقعات کی خبریں بھی آتی ہیں۔

سمندر میں طغیانی اور بلند لہروں کی وجہ سے گزشتہ ماہ کے آغاز میں کمشنر کراچی نے آئندہ دو ماہ کے لیے سمندر پر نہانے پر پابندی عائد کی تھی لیکن اس ضمن میں کوئی حکمت عملی اپنائی نہیں گئی اور شہریوں کی بڑی تعداد سمندر کا رخ کررہی ہے۔

پابندی کا اطلاق 14 جون سے 13 اگست تک ہے جبکہ کمشنر کراچی نے پابندی کی خلاف ورزی پر پولیس کو مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ادھر دیکھنے میں آیا کہ پولیس اہلکار ہاکس بے یا کسی بھی ساحلی پٹی پر پکنک پر جانے والے شہریوں کو وصولی کرتے نظر آئے ہیں۔

دوسری جانب کراچی کے سی ویو پر بھی 2 افراد کے ڈوبنے کی اطلاع ہے۔ پولیس حکام کے مطابق 3 دوست سی ویو پر نہا رہے تھے۔ حادثے کے اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی گئیں۔ جنہوں نے ایک شخص کو زندہ بچا لیا جبکہ ایک نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔

ڈوبنے والے نوجوان کی شناخت دانش کے نام سے ہوئی ہے جو کہ سلطان آباد کا رہائشی ہے۔ غوطہ خور نوجوان کی تلاش کررہے ہیں۔ 

Watch Live Public News