لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کی ضمانت منظور کرلی

لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کی ضمانت منظور کرلی
لاہور(پبلک نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی ضمانت منظور کر لی. لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس شہباز رضوی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے خواجہ آصف کی ضمانت کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نیب جو کہہ رہا ہے وہ بادی النظر میں ثابت نہیں ہورہا، نیب کے تفتیشی نے کیوں جا کر تنخواہوں کا ریکارڈ اکٹھا نہیں کیا؟ واضح رہے کہ نیب نے خواجہ آصف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائر کررکھا ہے۔ اس سے قبل نیب پراسیکیوٹر فیصل رضا بخاری کا کہنا تھا کہ عثمان ڈار نے پہلی شکایت دائر کی، یکم مارچ کو عثمان ڈار نے دوسری شکایت نیب میں دائر کی، 30 جون 2020ء کو انکوائری لاہور منتقل کی گئی، 29 دسمبر 2020ء کو خواجہ آصف کو گرفتار کیا گیا، 22 جنوری 2021ء کو خواجہ آصف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کیا گیا، 1993ء کو خواجہ آصف ایم این اے بنے اور 5 اعشاریہ ایک ملین کے اثاثے ظاہر کئے، 1993ء سے 2018ء تک ہر جنرل الیکشن میں خواجہ آصف ایم این اے منتخب ہوتے رہے، خواجہ آصف 2008ء میں وفاقی وزیر پیٹرولیم رہے، خواجہ آصف 2013ء سے 2017ء وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم اور امور خارجہ رہے، 2018ء میں خواجہ آصف ایم این اے منتخب ہوئے، خواجہ آصف نے یو اے ای کا اقامہ لیا ، اقامہ میں تنخواہ کی ساری تفصیل درج ہوتی ہے، یو اے ای میں جس کمپنی میں نوکری کی وہ قانونی رجسٹرڈ ہے ، نو ہزار درہم تنخواہ ملتی تھی مگر یہ تبدیل ہوتی رہی .

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔