لاہور ( پبلک نیوز) جوہر ٹاون دھماکہ میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ دھماکے میں ممکنہ طور پر استعمال ہونے والی گاڑی کی تفصیلات پبلک نیوز نے حاصل کر لیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کالے رنگ کی گاڑی کا نمبر LEB-10-9928 بتایا جاتا ہے۔ گاڑی کا ٹوکن ٹیکس بھی دو ہزار اکیس تک ادا کیا گیا ہوا ہے۔ گاڑی ظفر اللہ خان نامی شہری کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ گاڑی جوہر ٹاون آنے سے پہلے کنال روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں دیکھی گئی۔ گاڑی ممکنہ طور پر چوری کے بعد یہاں کھڑی کی گئی۔ابتدائی طور پر ملنے والی معلومات کے مطابق گاڑی حافظ آباد کے رہائشی نے دو سال قبل فروخت کی تھی۔ گوجرانوالہ میں ایک شخص کو اپنے لیٹر پر فروخت کی گئی۔ تحقیاتی اداروں نے گاڑی کے انجن کا کچھ حصہ قبضہ میں لے لیا۔ بارود سے بھری گاڑی ناکوں سے ہو کر جائے وقوعہ پر پہنچی۔ذرائع کے مطابق دھماکہ میں استعمال ہونے والی گاڑی کی جو فوٹیج منظر عام پر آئی اس میں دیکھا گیا کہ کالے رنگ کی گاڑی گلی کے کارنر پر کھڑی ہوتی ہے۔ گاڑی سے نیلی شلوار قمیص میں ملبوس شخص اترتا ہے۔ پھر گاڑی میں بیٹھتا ہے اور دوبارہ اترتا ہے۔ گاڑی دھماکہ سےآدھا گھنٹہ قبل کھڑی کر کے چلا جاتا ہے۔