ویب ڈیسک: فیصل آباد میں عید کے دوسرے روز ہونے والی آتشزدگی میں ایک ہی گھر کے نو افراد جھلس گئے تھے۔ جھلسنے والے تمام افراد ایک ایک کر کے اسپتال میں دم توڑ گئے۔
تفصیلات کے مطابق آتشزدگی سے زخمی اس گھر کی آخری مریضہ بھی آج دم توڑ گئی۔ فیصل آباد کے علاقے شریف پورہ میں گھر میں آتشزدگی نے ہنستا بستا گھر اجاڑ دیا۔ آگ سے گھر میں موجود نو افراد زخمی ہوئے اور ایک ایک کر کے اسپتال میں دم توڑتے گئے۔ رشتہ دار بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں 35سالہ نرگس، اس کے تین بچے 6سالہ دعا، 9سالہ طلحہ اور 3سالہ ابراہیم، 40 سالہ راشدہ اس کے دو بچے 8 سالہ آریان اور 4 سالہ ایمان، 45 سالہ فرحت اور اس کا 24 سالہ بیٹا مکی رضا شامل ہیں۔
ایک ہی خاندان کے 9 افراد کی موت پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور علاقے میں فضا سوگوار ہے۔