فوج کی سیاست میں مداخلت غیرآئینی ہے،آرمی چیف

فوج کی سیاست میں مداخلت غیرآئینی ہے،آرمی چیف
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کی سیاست میں مداخلت غیرآئینی ہے۔ جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع و شہدا کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آج آپ سے یوم شہدا کی تقریب سے بطور آرمی چیف آخری مرتبہ خطاب کر رہا ہوں، مجھے فخر ہے کہ 6 سال اس فوج کا سپہ سالار رہا ہوں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کا مقابلہ کرنے سے کبھی غافل نہیں ہوگی، سابقہ مشرقی پاکستان کا سانحہ ایک فوجی نہیں سیاسی ناکامی تھی۔ آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج کا بنیادی کام ملک کی جغرافیائی حدود کی حفاظت کرنا ہے لیکن پاک فوج ہمیشہ اپنی استطاعت سے بڑھ کر اپنی قوم کی خدمت میں پیش پیش رہتی ہے، ریکوڈک کا معاملہ ہو یا کارکے کا جرمانہ، فیٹف کے نقصان ہوں یا ملک کو وائٹ لسٹ سے ملانا یا فاٹا کا انضمام کرنا، بارڈر پر باڑ لگانا ہو یا قطر سے سستی گیس مہیا کرانایا دوست ملکوں سے قرض کا اجرا کرانا ہو، کووڈ کا مقابلہ یا ٹڈی دل کا خاتمہ، سیلاب کے دوران امدادی کارروائی ہو، فوج نے ہمیشہ اپنے مینڈیٹ سے بڑھ کر قوم کی خدمت کی ہے اور انشااللہ کرتی رہے گی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج کی سیاست میں مداخلت غیرآئینی ہے، ہم نےعزم کیاکہ فوج سیاست سےدوررہےگی۔انہو ں نے کہاکہ کئی حلقوں کی جانب سےفوج پرشدید تنقید کے ساتھ غیر شائستہ زبان کا استعمال کیا گیا، ایک جعلی اورجھوٹا بیانیہ بنا کر ملک میں ہیجان کی کیفیت پیدا کی گئی، یہ ناممکن بالکل گناہ کبیرہ ہےکہ غیرملکی سازش ہواورفوج آرام سے بیٹھی رہے۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ سب کو ذہن نشین کرلینا چاہیے کہ صبر کی بھی ایک حد ہے، امید ہے سیاسی جماعتیں اپنے رویئے پر نظرثانی کریں گی، وثوق سے کہہ سکتا ہے ہوں کہ پاکستان سنگین معاشی مشکلات کا شکار ہے، آگےبڑھناہےتوعدم برداشت اورمیں نہ مانوں کارویہ ترک کرناہوگا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔