راولپنڈی: سائفر کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ تفصیلیات کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی اور دوران سماعت فرد جرم عائد کی۔ عدالت نے فرد جرم روکنے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی۔ اس حوالے سے عدالت نے کہا کہ آج کی تاریخ فرد جرم کے لیے رکھی تھی، فرد جرم عائد کی جاتی ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین اور شاہ محمود قریشی نے صحت جرم سے انکار کیا ۔ عدالت کی جانب سے سائفر کیس کی سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے کیس کے گواہان کے بیانات 27 اکتوبر کو طلب کرلیے ہیں۔ خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصا ف (پی ٹی آئی)عمران خان اور شاہ محمود قریشی ان دنوں سائفر کیس میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔