قومی کرکٹ ٹیم کے غیر ملکی کوچز کا اعلان کردیا گیا

 قومی کرکٹ ٹیم کے غیر ملکی کوچز کا اعلان کردیا گیا
کیپشن: National Cricket Team Coaches
سورس: web desk

(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے کوچز کے ناموں کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے سابق سابق آسٹریلین فاسٹ بولر جیسن گلیسپی کو پاکستان کی ریڈ بال ٹیم جبکہ جنوبی افریقی کرکٹر گیری کرسٹن کو وائٹ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا جبکہ اظہر محمود تمام فارمیٹس میں اسسٹینٹ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہور میں اظہر محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آج کی پریس کانفرنس قومی ٹیم کے کوچز سے متعلق ہے,محسن نقوی نے بتایا کہ دنیا کے مشہور کوچز کو لارہے ہیں، جیسن گلیسپی کو پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کا کوچ لارہے ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے گیری کرسٹن قومی وائٹ بال ٹیم کے کوچ ہوں گے، گیری کرسٹن انگلینڈ کے ٹور پر ٹیم کو جوائن کر لیں گے جبکہ جیسن گلسپی بنگلادیش سیریز میں ٹیم کو جوائن کریں گے، ان غیر ملکی کھلاڑیوں کا آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں ہمارے پوٹینشل پر اعتماد ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ اظہر محمود دونوں فارمیٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ہوں گے، یہ وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹ ٹیموں کو جوڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کرکٹ بورڈ کا کام پیسے اکٹھے کرکے بینکوں میں جمع کرنا نہیں، امید ہے کہ ہم پاکستان کرکٹ کے لیے بہتر کریں گے۔ ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی لا رہے ہیں، ویمن کرکٹ کو برابری پر اوپر لائیں گے، فزیو تھراپسٹ کے لیے ڈیوائسز منگوا لی ہیں.

 فاسٹ بولر احسان اللہ کی انجری کے حوالے سے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ احسان اللہ کے علاج کے حوالے سے شکایت ملی تھی، منگل بدھ تک پینل کی رپورٹ آجائےگی، ابھی اس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا لیکن جو بھی ذمہ دار ہوگا اس کے خلاف ایکشن ہوگا، ہمارے لیے سب کرکٹرز اہم ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا اس وقت حکومت اور کرکٹ بورڈ مستحکم ہے، تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں، اپنےکچھ اختیارات سلیکشن کمیٹی کو دیے ہیں،ہمیں اپنی غلطیوں کی نشاندہی کر کے انہیں بہتر کرنا ہے.