جج اغوا کیس:تحقیقات کیلئےپولیس کی خصوصی کمیٹی قائم

جج اغوا کیس:تحقیقات کیلئےپولیس کی خصوصی کمیٹی قائم
کیپشن: بریکنگ نیوز!سیشن جج وزیرستان شاکراللہ مروت اغوا

ویب ڈیسک: ڈی آئی خان ٹانک روڈ پر جج کے مبینہ اغوا کیس میں تحقیقات کیلئے پولیس کی خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں سی ٹی ڈی ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام شامل ہیں، جج کی بازیابی کے لئے سی ٹی ڈی میں الگ ٹیم تحقیقات کررہی ہے، جج کی گاڑی کو ریکور کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ کے روٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کررہی ہیں، ٹیموں کی جانب سے ڈی آئی خان ریجن کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن  کیا جارہا ہے، کئی مشتبہ افراد سے تفتیش بھی جاری ہے۔

قبل ازیں سیشن جج وزیرستان شاکر اللہ مروت کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے گرہ محبت اڈا سے اغوا کر لیا گیا۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، آئی جی پولیس اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو طلب کر لیا، مغوی سیشن جج کی بازیابی کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کا حکم دے دیا۔

ہائیکورٹ کے سینئر ججز نے قرار دیا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے، سیشن جج کی بازیابی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈا پور کانوٹس 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈا پور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مغوی جج کی بازیابی کے لئے اقدامات کی ہدایت کر دی،انہوں نے کہا کہ واقعہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے، ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔