ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ شیر افضل مروت نے پارٹی ضابطہ اخلاف کی خلاف ورزی کی ہے، شیرافضل مروت تین روز کے اندر شوکاز نوٹس کا جواب دیں۔
نوٹس میں کہا گیا کہ تین روز کے اندر جواب نہ دیا گیا تو مزید کارروائی کی جائے گی۔
شیر افضل مروت کو سیاسی کمیٹی کے واٹس ایپ گروپ سے بھی نکال دیا گیا ہے۔ پارٹی نے انہیں مکمل سائیڈ لائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان غیر ضروری بیانات اور رویے کی وجہ سے شیر افضل مروت سے خفا ہیں اور انہوں نے اڈیالہ جیل میں شیر افضل مروت کے ساتھ ملاقات سے انکار کیا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پارٹی رہنماؤں نے بانی تحریک انصاف کو شیر افضل مروت کو سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی سے نکالنے کی تجویز دی تھی جس کے بعد انہیں دونوں کمیٹیوں سے بھی نکال دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کی جانب سے متنازع بیانات پر ان کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لیا گیا۔