ویب ڈیسک: امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کے ملزم احسن شاہ کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق مقدمہ تھانہ شادباغ میں سب انسپکٹر او سی یو شکیل بٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق پولیس ملزم احسن شاہ کو مال برآمدگی کے لیے جا رہی تھی،پہلے سے گھات لگائے بیٹھے ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی،ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آ کر زیر حراست احسن شاہ زخمی ہو گیا ۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے،زخمی احسن شاہ نے فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کی شناخت علی رضا جبکہ دو کی نامعلوم سے کی۔زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا تو وہ دم توڑ چکا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: امیربالاج ٹیپو قتل کیس کا مرکزی ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
قبل ازیں امیر بالاج ٹیپوقتل کیس کا مرکزی ملزم احسن شاہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا۔پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ سی آئی اے ملزم احسن شاہ کو برآمدگی اور ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقہ تھانہ شادباغ لے جارہی تھی۔
ملزم احسن شاہ کے بھائی علی رضا اور اس کے نامعلوم ساتھیوں نے چھڑانے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ملزم احسن شاہ شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا تھا۔
یاد رہے کہ بالاج ٹیپو کو 18 فروری کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا جب وہ لاہور میں چوہنگ کے علاقے میں شادی کی ایک تقریب میں شریک تھے۔
بالاج ٹیپو لاہور کے انڈر ورلڈ کے سابق ڈان ٹیپو ٹرکوں والے کے بیٹے تھے۔ ان کے والد کو بھی سنہ 2010 میں لاہور ایئرپورٹ کی پارکنگ میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
بالاج شادی کی ایک تقریب میں اپنے گن مینوں کے ہمراہ موجود تھے کہ اس دوران ایک حملہ آور نے ان پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے دو افراد زخمی بھی ہوئے تھے جبکہ بالاج ٹیپو کے گن مین کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا تھا۔