پاکستان کوبچانے کیلئے سیاست کو قربان کرنا ہوگا، وزیر اعظم

پاکستان کوبچانے کیلئے سیاست کو قربان کرنا ہوگا، وزیر اعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کوبچانے کیلئے سیاست کو قربان کرنا ہوگا، ساری سیاسی کمائی پاکستان اور ریاست پرقربان کردیں گے مگرملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں بطورخادم اعلیٰ ذمہ داریاں اداکرتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں کیلئے کئی اقدامات اٹھائے، لاکھوں نوجوانوں کو پنجاب کے اپنے وسائل سے بلاسود قرضے مہیا کئے گئے، نوجوانوں کولاکھوں لیپ ٹاپ میرٹ پرتقسیم کئے گئے، پنجاب کے علاوہ باقی صوبوں میں بھی لیپ ٹاپ کی فراہمی کی گئی، بینک آف پنجاب کے زریعہ بے روزگارنوجوانوں کوگاڑیاں فراہم کی گئیں، اسی طریقے سے خودروزگارسکیم کے تحت ہم نے 40 ارب روپے کے قرضے تقسیم کئے جن کی ریکوری 99 فیصد تھی۔ شہباز شریف نے کہا کہ آج سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کی قیادت میں سٹیٹ بیک، کمرشل اورمائیکروفنانس کمپنیوں کے تعاون سے اس سکیم کا آغاز کیا ہے، محدود گنجائش کے باوجوداس کیلئے ہم نے وسائل مہیا کئے ہیں، اس سکیم کے تحت نوجوانوں کو 5 لاکھ سے لیکر75 لاکھ روپے تک قرضے فراہم کئے جائیں گے ، 5 لاکھ روپے تک کے قرضے بلاسود ہوں گے اور ان کی واپسی کی مدت تین سال ہوگی ، 5 سے پندرہ لاکھ روپے تک کے قرضوں پرشرح سود 5 فیصد ہوگا۔ 15 سے 75 لاکھ روپے تک کے قرضوں پرشرح سود 7 فیصد ہوں گی اوراس کی واپسی کی مدت 8 سال ہوں گی۔یہ سب پاکستان کے نوجوان بچوں اوربچیوں کیلئے ہے۔ اس کے علاوہ ایک لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا پروگرام بھی بنایا گیا ہے جو پورے پاکستان میں میرٹ پرتقسیم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہم نویں جائزہ کیلئے تیارہیں، ہم آئی ایم ایف کے ساتھ شرائط پرمذاکرات کرکے اس کوحتمی شکل دینا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان آگے بڑھیں اورچلیں کیونکہ دائیں بائیں سے واضح پیغام دیا گیاہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں اور پاکستان کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو حتمی شکل دیں ، میری آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے گزشتہ ہفتے بات ہوئی تھی اورآج بھی میں کہہ رہاہوں کہ ہم آئی ایم ایف کے ساتھ بلاتاخیر نویں جائزہ مکمل کرنا چاہتے ہیں تاکہ پروگرام آگے بڑھیں اور اس کے بعد ملٹی لیٹرل اور بائی لیٹرل شراکت داروں کے ساتھ بھی معاملات طے ہوں ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے توانائی کی بچت کا فیصلہ کیا کیونکہ تیل کی ہماری امپورٹ پر27 ارب ڈالر خرچ ہوگئے ہیں ، چند اقدامات سے ہم اس میں بچت کرسکتے ہیں، اس کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کوبچانے کیلئے سیاست کو قربان کرنا ہوگا، میں ڈنکے کی چوٹ پراعلان کرنا چاہتا ہوں کہ مسلم لیگ ن اورمخلوط حکومت اپنی ساری کی ساری سیاسی کمائی پاکستان اورپاکستان کی ریاست پرقربان کردیں گے ،زندگی میں اونچ نیچ دیکھی ہے، میرے لیڈر اورپارٹی نے مجھے تین بار وزیراعلیٰ بنایا آج میں وزیراعظم ہوں ، ہم ورثہ چھوڑ دینا چاہتے ہیں کہ جو بھی مشکلات تھیں اور اگر ہم نے ذمہ داری قبول کی ہے تو اس کو نبھانے کیلئے آخری حد تک جانا ہم پر فرض ہے، باقی اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے اپنی جان دیدوں گا اورہرقدم اٹھاوں گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اسلامی ملک ہے، حکومت نوجوانوں کے ساتھ ہیں ، ہم نوجوانوں پرایک ایک پائی نچھاورکریں گے،انہیں وسائل اورتربیت دیں گے اورنوجوان اپنی محنت سے پاکستان کوعظیم بنائیں گے، اللہ ہمیں عمل کی توفیق دیں۔ وہی قومیں زندہ رہتی ہے جو اپنی حالت بدلتی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔