راولپنڈی؛ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے افغانستان سے پاکستان کے ضلع شمالی وزیرستان حسن خیل میں دراندازی کی کوشش کی ، پاکستانی دستوں کی چوکسی اور بروقت کارروائی نے دہشتگردوں کی دراندازی ناکام بنا دی، دہشتگردوں کی فائرنگ کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا گیا. پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4 سپاہیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ، شہدا میں لانس حوالدار وجاہت عالم، سپاہی مقبول حیات، سپاہی ساجد علی اور سپاہی ساجد عنایت شامل ہیں. شہداء میں شامل 34 سالہ شہید لانس حوالدار وجاہت عالم کا تعلق غذر بلتستان سے تھا جبکہ 25 سالہ سپاہی ساجد عنایت کا تعلق شیخوپورہ سے تھا. 32 سالہ سپاہی مقبول حیات شہید کا تعلق غذر گلگت بلتستان سے تھا اور 22 سالہ سپاہی ساجد علی کا تعلق سکردو سے تھا. آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں.