اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کیخلاف ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30 دنوں میں کرنے کا فیصلہ معطل کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30 روز میں کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ اس کیس کی سب سے اہم پیشرفت یہ ہے کہ عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو حکم دیا ہے کہ وہ اس معاملے پر تمام جماعتوں کیساتھ ایک جیسا سلوک رکھے۔ یہ حکم بھی پی ٹٰی آئی کی درخواست پر جاری کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پی ٹی آئی نظرثانی کے اپیل کی سماعت کی۔ تحریک انصاف کی جانب سے ایڈووکیٹ شاہ خاور ایڈووکیٹ عدالت عالیہ میں پیش ہوئے۔ ایڈووکیٹ شاہ خاور کا کہنا تھا کہ جسٹس محسن اختر کیانی نے فیصلہ دیتے وقت اپنے اختیار سے تجاوز کی۔ عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ان کیخلاف کارروائی تیز کر دی جس سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ جیسے پی ٹی آئی کو سنگل آؤٹ کیا جا رہا ہے۔ مختصر سماعت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت 17 سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 مئی تک جواب طلب کر لیا ہے۔