سندھ اسمبلی اجلاس:سنی اتحادکونسل کےنو منتخب ارکان نےحلف اٹھالیا

سندھ اسمبلی اجلاس:سنی اتحادکونسل کےنو منتخب ارکان نےحلف اٹھالیا
کیپشن: سندھ اسمبلی اجلاس:سنی اتحاد کونسل کےنو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

ویب ڈیسک: سندھ اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا.

تفصیلات کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے سندھ اسمبلی کا جلاس آدھے گھنٹے کی تاخیر سے اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت شروع ہوا، اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔

10 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھالیا
اجلاس کے آغاز پر 10 نو منتخب ارکان سندھ اسمبلی نے حلف اٹھایا جن میں سنی اتحاد کونسل ( پی ٹی آئی) کے 9 اور جماعت اسلامی کے ایک نو منتخب رکن محمد فاروق نے حلف اٹھایا۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے سنی اتحاد کونسل کے ارکان سے حلف لیا جبکہ جی ڈی اے کے 3 اراکین آج بھی غیر حاضر ہیں۔

نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی بہتری کےلیے ہم سب بہترکردار ادا کریں گے، انتخابی مہم کے دوران ہمارے 12 کارکنان شہید ہوئے، آج اسمبلی کا حلف اٹھانے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں مشکل وقت گزراہے،دہشت گردی نےدوبارہ جنم لیا، آنے والی حکومت کیلئے دہشت گردی کامقابلہ کرنا چیلنج ہوگا،بہادرافواج نےدہشت گردی کامقابلے کرتےہوئےشہادتیں پیش کیں۔

اس سے قبل سندھ اسمبلی میں نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ہونے والا اجلاس تاخیر کا شکار ہو گیا تھا، ایوان میں اراکین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی ہے۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر
پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کی جانب سے اویس قادر شاہ کو اسپیکر اور نوید انتھونی کو ڈپٹی اسپیکر کے لیے نامزد کیا گیا جن کے کاغذات بھی درست قرار دیے گئے ۔ 

متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کی طرف سے صوفیہ سعید شاہ اسپیکر اور راشد خان ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار تھے اور ان کے بھی کاغذات نامزدگی درست قرار دیے گئے ۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ووٹ کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا، سجاد سومرو
سنی اتحاد کونسل کے رکن سندھ اسمبلی سجاد علی سومرو نے کہا ہے کہ آج ہمارے 9 ارکان حلف لیں گے، ہم پی ٹی آئی کے منتخب ایم پی ایز ہیں، سنی اتحاد کونسل سے الحاق کیا ہے۔

سجاد سومرو کا کہنا ہے کہ ہم پورے کراچی میں جیت چکے ہیں، نتائج تبدیل کیے گئے، لیاری مسائل کا گڑھ ہے، گٹر کے مسائل سے نکل نہیں سکے، ہم پورے کراچی کے حقوق کی بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ووٹ کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا۔

پی ٹی آئی ارکان
پی ٹی آئی کے اراکین بھی نعرے لگاتے ہوئے سندھ اسمبلی پہنچے۔

تحریک انصاف کے ارکان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم اسمبلی پہنچے ہیں، ہمارے ارکان نے بڑی محنت سے کامیابی حاصل کی، ہم نے گزشتہ روز اس لیے حلف نہیں اٹھایا کیونکہ جو بھی حلف اٹھا رہے تھے وہ جھوٹ پر حلف اٹھا رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج اسمبلی میں ہمارے حلف کی آواز گونجے گی، ہم عوامی حمایت سے انتخاب لڑ کر آئے ہیں۔

سیکیورٹی انتظامات
اسمبلی کے اطراف کی سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی تھیں جبکہ پریس کلب سے فوراہ چوک جانے والی سڑک بھی کنٹینر لگا کر بند کی گئی تھی۔

آئی آئی چندریگر روڈ سے شاہین کمپیلیکس جانے والی سڑک کے اطراف بھی کنٹینرز لگائے گئے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھایا، 168 ارکان پر مشتمل ایوان میں 148 ارکان نے حلف اٹھایا۔

سندھ اسمبلی میں حلف لینے والوں میں پیپلز پارٹی کے 111 اور ایم کیو ایم پاکستان کے 36 اراکین شامل تھے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے سندھی، اردو اور انگریزی زبان میں ارکان سے حلف لیا جبکہ 13 ارکان سندھ اسمبلی نے حلف نہیں اٹھایا۔

حلف نہ اٹھانے والوں میں سنی اتحاد کونسل، جی ڈی اے اور جماعت اسلامی کے ارکان شامل ہیں۔

دادو سے منتخب رکن سندھ اسمبلی عزیز جونجیو کے انتقال پر ان کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا، پی ایس 139 سے حافظ نعیم کا نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں کیا گیا۔

اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے 3 مخصوص نشستوں پر بھی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔