گال کرکٹ سٹیڈٰیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز سری لنکا کی پوری ٹیم 378 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ہے۔ نسیم شاہ اور یاسر نے زبردست گیند بازی کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ دنیش چندی مل 80 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ آج پاکستانی گیند بازوں نے چار شکار کئے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے تھے۔ دنیش چندیمل اور اوشاڈا فرنینڈو نے نصف سنچریاں بنائیں۔ اتوار گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کے کپتان دیمتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور 92 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ اوشاڈا فرنینڈو پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 50 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سری لنکا کو دوسرا نقصان جلد اٹھانا پڑا جب کوشال مینڈس 3 کے انفرادی سکور پر آغا سلمان کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔ دیمتھ کرونا رتنے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 40 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے۔ اینجلو میتھیوز اور دنیش چندیمل نے چوتھی وکٹ میں 75 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا سکور 195 تک پہنچایا۔ اینجلو میتھیوز 42 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 258 کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی پانچویں وکٹ گر گئی جب دنیش چندیمل 80 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد محمد نواز کی گیند پر فواد عالم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ دہننجایا ڈی سلوا چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 33 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد نیروشن ڈکویلا اور دونتھ ویلالاگے نے کھیل کے اختتام تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور ٹیم کا سکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 تک پہنچا دیا تھا۔