ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ درست ڈیٹا مستقبل کیلئے بہت ضروری ہے، درست ڈیٹا سے ضرورت مند کو دہلیز تک ریلیف پہنچانے میں مشکل پیش نہیں آئے گی۔
سوشل اکنامک رجسٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ منصوبے کی تکمیل پر مریم اورنگزیب اور وزارت منصوبہ بندی کو شاباش دیتی ہوں، جب میں نے حلف اٹھایا تو رمضان کا مہینہ آگیا تھا، ہم نے رمضان میں لوگوں کے دروازے تک رمضان پیکیج پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس لوگوں کا ڈیٹا نہیں تھا، شکایات موصول ہونا شروع ہوگئیں، جو نمبر مجھے دیا گیا اس کے مطابق رمضان پیکیج بنائے، کئی پتے ایسے تھے جن کا ہمیں معلوم ہی نہیں تھا، ڈیٹا میں فون نمبر پرانے اور غلط تھے، پنجاب کی 13 کروڑ آبادی ہے، مجھے نہیں معلوم کتنی آبادی سوشل اکنامک کیٹیگری میں آتی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی کے ڈیٹا کو بھی اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے، نادرا اور بی آئی ایس پی کے ڈیٹا کو دیکھتے ہوئے رمضان پیکیج بنایا، اب سمجھ آگئی کہ ہم انفارمیشن اور ڈیٹا کے بغیر فیصلے کرتے ہیں، ہمارے پاس کسانوں کا بھی پورا مصدقہ ڈیٹا موجود نہیں، ٹیکس سے بچنے کیلئے بہت سارے کسانوں نے 12،12ایکڑ کی رجسٹریشن کرائی ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہت سارے ایسے لوگ ہیں جن کے پاس اپنا گھر نہیں اور کرائے پر رہتے ہیں، کس کو وہیل چیئر چاہیے مجھے نہیں معلوم، میں نے اپنے تمام منصوبوں اور سکیموں کیلئے ہیلپ لائن کھول دی ہیں، سکیموں میں نہیں وہ ہیلپ لائن پر رابطہ کر کے رجسٹریشن کراسکتا ہے، 25 لاکھ لوگوں کی رجسٹریشن ہو بھی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس کرائم کا وہ ڈیٹا ہے جو 15 پر کال کا ہے، میں نے ہدایت کی ہے ضلع کی بنیاد پر مجھے کرائم کا ڈیٹا چاہیے، خاندان کے سربراہ کے نیچے کتنے افراد ہیں ہم نہیں جانتے، چاہتی ہوں میرے پاس بالکل درست ڈیٹا موجود ہو، ریلیف انہی لوگوں کو ملنا چاہیے جو حقدار ہیں، چاہتی ہوں ٹیکس ادا کرنے والوں اور حکومت پنجاب کا پیسہ ضائع نہ ہو۔
مریم نواز نے کہا کہ 5ہزار سے زائد رجسٹریشن سینٹرز بن چکے ہیں، رجسٹریشن سینٹرز میں ٹرینڈ لوگ موجود ہیں، ڈیٹا کو اکٹھا کرنا عام بات نہیں، 13 کروڑ میں بہت سے ایسے لوگ ہیں جو بجلی کے بل ادا نہیں کرسکتے، پنجاب کے 45 لاکھ سے زائد 500 یونٹ والے صارفین کیلئے سولر لارہے ہیں، ہم نے ٹیسٹ رن شروع ہوا ہے، ڈیٹا موصول ہونا شروع ہوگیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ واپڈا کے پاس آپ کا ڈیٹا موجود ہوتا ہے، مجھے سولر والی سکیم بنانے میں مشکل پیش نہیں آئی، کسی بھی اقدام کیلئے ڈیٹا موجود ہونا بہت ضروری ہے، درست ڈیٹا مستقبل کیلئے بہت ضروری ہے، درست ڈیٹا سے ضرورت مند کو دہلیز تک ریلیف پہنچانے میں مشکل پیش نہیں آئے گی۔