لاہور(پبلک نیوز )موٹر وے زیادتی کیس کے مجرمان نے سزاؤں کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی ٗ عابد ملہی اور شفقت بگا کی جانب سے قاسم آرائیں ایڈووکیٹ نے اپیل دائر کی۔تفصیلات کے مطابق موٹروے زیادتی کیس کے دونوں مجرمان عابد ملہی اور شفقت بگانے اپنی سزائوں کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر دی ۔ مجرمان کے وکیل قاسم آرائیں نے عدا لت میں کاغذات جمع کروائے ٗ دونوں مجرمان کو موٹر وے پر زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی جا چکی ہے ٗانسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے مجرم عابد ملہی اور شفقت بگا کو سزا سنائی تھی۔ واضح رہے کہ مجرموں کی موت کی سزا پر عملدرآمد لاہور ہائیکورٹ کے حکم سے مشروط ہوگا ٗاغوا کا جرم ثابت ہونے پر مجرم عابد ملہی اور شفقت بگا کو عمر قید کی سزائیں سنائیں ٗعدالت نے مجرموں کی تمام جائیداد بحق سرکار ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ۔ ڈکیتی کے جرم میں مجرم عابد ملہی اور شفقت بگا کو 14، 14 سال قید اور 2، 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ٗعدالت نے جان سے مارنے کی کوشش کرنے کا الزام ثابت ہونے پر 5، 5 سال قید کی سزا بھی سنائی ٗعدالت نے زخمی کرنے کی 2 مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر ایک ایک لاکھ ہزار روپے فی کس جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔