واشنگٹن ( ویب ڈیسک ) امریکہ نے شمالی کوریا کی طرف سے دو بیلسٹک میزائل کے تجربہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ شمالی کوریا کا غیر قانونی اسلحہ پروگرام پڑوسیوں اور عالمی برادری کیلئے شدید خطرہ ہے۔امریکی فوج کے بحرالکاہل کمانڈ کی طرف سے جاری کئے جانے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ عالمی برادری نے شمالی کوریا کی طرف سے دو میزائلوں کے تجربے کو ایک خطرہ سمجھا ہے ٗ امریکہ خطے میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور شمالی کوریا کی طرف سے میزائل تجربے کی صورتحال کی نگرانی بھی کر رہا ہے ۔امریکہ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے یہ تجربہ امریکہ اس کے اس موقف کا اعادہ کرتا ہے کہ غیر قانونی اسلحہ پروگرام عالمی برادری اور خاص طور پر شمالی کوریا کے پڑوسیوں کیلئے خطرہ ہے۔اس سے قبل جاپان کی طرف سے تصدیق کی گئی تھی کہ شمالی کوریا کی طرف سے دو میزائل اس کی سمندری حدود میں اقتصادی زون کے باہر گرے ہیں اور جاپان کی انتظامیہ کی طرف ماہی گیروں اور سمندر میں موجود دیگر بحری جہازوں کو یہ تنبیہ کی گئی کہ جس جگہ میزائل گرے ہیں وہاں نہیں جانا۔یاد رہے کہ شمالی کوریا نے گزشتہ روز مختصر فاصلے سے 2بیلسٹک میزائل داغےتھے ٗ جنوبی کوریا کی قومی سلامتی کونسل نے شمالی پڑوسی کے اس اقدام پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔جبکہ جاپانی وزیر اعظم یوشیدی سوگا نے کہا کہ پیانگ یانگ کے دو بیلسٹک میزائلوں کے آغاز سے جاپان اور خطے کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔