واوڈا اور مصطفیٰ کمال کو توہین عدالت پرشوکاز نوٹس،سپریم کورٹ طلب

واوڈا اور مصطفیٰ کمال کو توہین عدالت پرشوکاز نوٹس،سپریم کورٹ طلب
کیپشن: فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس:سپریم کورٹ میں ازخود نوٹس کیس کی سماعت آج

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ میں سینیٹر فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر ازخود نوٹس کی سماعت  کے دوران چیف جسٹس قاضی فائزعیسٰی نے ریمارکس دیئے کہ اداروں کو بدنام کرنا ملک کی خدمت نہیں،فیصل واووڈا کے بعد مصطفٰی کمال بھی سامنے آ گئے، دونوں ہی افراد پارلیمنٹ کے ارکان ہیں ایوان میں بولتے،ایسی گفتگو کرنے کیلئے پریس کلب کا ہی انتخاب کیوں کیا؟برا کیا ہے تو نام لیکر مجھے کہیں ادارے کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دینگے،ادارے عوام کے ہوتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان بنچ کا حصہ ہیں۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کی تفصیلات طلب کر لیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ کے روبرو پیش ہوئے.

چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کہ کیا آپ نے پریس کانفرنس سنی؟ توہین عدالت ہوئی یا نہیں?.

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ مجھے جو ویڈیو ملی ہے اس کے متعلقہ حصے میں آواز نہیں تھی، کچھ حصہ خبروں میں سنا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ کیا یہ پریس کانفرنس توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے؟ کوئی مقدمہ اگر عدالت میں زیر التوا ہو تو اس پر رائے دی جا سکتی ہے؟ میرے خلاف اس سے زیادہ گفتگو ہوئی ہے لیکن نظرانداز کیا، میرے نظر انداز کرنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سوچا کہ ہم بھی تقریر کر لیں، لیکن کیا آپ اداروں کی توقیر کم کرنا شروع کر دیں گے؟

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ وکلا ججز اور صحافیوں سب میں اچھے برے لوگ ہوتے ہیں، برا کیا ہے تو نام لے کر مجھے کہیں ادارے کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، ہوسکتا ہے میں نے بھی اس ادارے میں 500 نقائص دیکھے ہوں، کیا ایسی باتوں سے آپ عدلیہ کا وقار کم کرنا چاہتے ہیں؟

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ادارے عوام کے ہوتے ہیں، اداروں کو بدنام کرنا ملک کی خدمت نہیں، اداروں میں کوتاہیاں ہوسکتی ہیں، میں کسی اور کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتا، اگر میں نے کوئی غلط کام کیا ہے تو بتائیں، تنقید کریں، ہم ہر روز ہم اچھا کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون پر عمل کر رہے ہیں۔

میں نے اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ ادارے کیلئے حلف لیا: چیف جسٹس
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ جس کے پاس دلائل ہوں گے وہ ہم ججز کو بھی چپ کرا دے گا، میں نے اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ ادارے کیلئے حلف لیا ہے۔کیا چیخ و پکار کر کے اپ ادارے کی خدمت کر رہے ہیں؟ میں مارشل لاء کی توثیق کرنے والوں کا کبھی دفاع نہیں کروں گا، اگر میں نے کچھ غلط کیا ہے تو اس کی سزا دیگر ججز کو نہیں دی جا سکتی، بندوق اٹھانے والا سب سے کمزور ہوتا ہے کیونکہ اس کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہوتا، دوسرے درجے کا کمزور گالی دینے والا ہوتا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیئے کہ ایک کمشنر نے مجھ پر الزام لگایا، بھئی بتاؤ تو صحیح چیف جسٹس کیسے دھاندلی کروا سکتا ہے؟ سارے میڈیا نے اسے چلا دیا، مہذب معاشروں میں کوئی ایسی بات نہیں کرتا اس لئے وہاں توہین عدالت کے نوٹس نہیں ہوتے، چیخ و پکار اور ڈرامہ کرنے کی کیا ضرورت ہے، تعمیری تنقید ضرور کریں لیکن تنقید کی ایک حد ہونی چاہیے۔

بھٹو کو ہم زندہ نہیں کر سکتے لیکن غلطی تو مان لی: چیف جسٹس
چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیئے کہ ان کے بعد ایک اور صاحب آگئے جن کا نام مصطفی کمال ہے، انہوں نے بھٹو کا ذکر کیا، بھائی اگر ہم نے غلط کیا ہے تو بتائیں، بھٹو کے بارے میں آپ نے کیا کیا ہے؟ ذوالفقار علی بھٹو کو ہم زندہ تو نہیں کر سکتے لیکن غلطی تو مان لی، صرف ایک کام کرنا ہے کہ ادارے کو بدنام کرنا ہے، آپ نے بڑی جدوجہد کر دی تقریر کر کے، لیکن بہتری کیلئے کوئی بھی تحریری طور پر نہیں جاتا، آپ نے تقریر کرنی ہے تو پارلیمنٹ میں کریں نا، پریس کلب کیوں؟

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بتایا کہ کیا کسی صحافی نے ان سے سوال کیا کہ یہاں کیوں بول رے ہیں؟ بس ان کو سامعین چاہیے، فیصل واوڈا کے بعد مصطفٰی کمال بھی سامنے آ گئے، دونوں ہی افراد پارلیمنٹ کے ارکان ہیں تو ایوان میں بولتے، ایسی گفتگو کرنے کیلئے پریس کلب کا ہی انتخاب کیوں کیا؟ پارلیمان میں بھی ججز کے کنڈکٹ پر بات نہیں کی جا سکتی، ہمیں پتا ہے ہمارا انڈیکس میں نمبر 137 یا جو بھی ہے۔

انہوں نے ریمارکس دیئے کہ باپ کے گناہ کی ذمہ داری بیٹے کو نہیں دی جا سکتی، اسی عدالت نے مارشل لاء کی بھی آئینی توثیق کی ہے، اگر ایک ممبر قومی اسمبلی غلط ہے تو سارے پارلیمان کو غلط نہیں کہہ سکتے۔

گالیاں دینا مناسب نہیں، آپ ادارے کو تباہ کر رہے ہیں، عدالت
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں پتہ ہے ہماری عدلیہ کون سے نمبر پر ہے، گالیاں دینا مناسب نہیں، ہر چیز پر حملہ نہ کریں، آپ ادارے کو تباہ کر رہے ہیں، اگر توہین عدالت کی کارروائی چلائی تو کیس میں استغاثہ کون ہوگا؟ انہوں نے بتایا کہ استغاثہ اٹارنی جنرل ہوں گے۔

چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کہ اب وزن آپ کے کندھوں پر ہے، کیا شوز کاز نوٹس ہونا چاہیے یا صرف نوٹس ہونا چاہیے؟ ملک کا ہر شہری عدلیہ کا حصہ ہے، جرمنی میں ہٹلر گزرا ہے وہاں آج تک کوئی رو نہیں رہا، غلطیاں ہوئیں انہیں تسلیم کر کے آگے بڑھیں، سکول میں بچے غطی تسلیم کرے تو استاد کا رویہ بدل جاتا ہے۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے فیصل واوڈا اور مصطفیٰ کمال سے 2 ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ فیصل واوڈا اور مصطفی کمال کو نوٹس جاری کرتے ہیں، دونوں کو بلا لیتے ہیں، ہمارے منہ پر آ کر تنقید کر لیں۔

بعدازاں عدالت نے پیمرا سے پریس کانفرنس کی ویڈیو ریکارڈنگ اور ٹرانسکرپٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 5 جون تک ملتوی کر دی۔

اس کے بعد سپریم کورٹ نے آج کی کارروائی کا حکمنامہ لکھوانا شروع کر دیا۔

حکم نامے کے مطابق بادی النظر میں توہین عدالت ہوئی ہے، فیصل واوڈا اور مصطفی کمال اپنے بیانات کی وضاحت کریں، دونوں رہنماؤں سے 2 ہفتے میں جواب طلب کیا گیا ہے، عدالت نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے پریس کانفرنس کی ویڈیو ریکارڈنگ اور ٹرانسکرپٹ بھی طلب کر لیں۔

 خیال رہے کہ دو روز قبل فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس کر کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، نیب ترامیم کیس کی سماعت کے دوران بھی فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کا ذکر ہوا، جسٹس اطہر من اللہ نے اٹارنی جنرل کو روسٹرم پر بلا کر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

  فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ عدلیہ میں مداخلت کا ثبوت ہے تو پیش کریں ورنہ ابہام بڑھ رہا ہے، شواہد یا ثبوت کے بغیر عدالت کارروائی نہیں کرتی، میری پگڑیاں اچھالی گئیں اب پاکستان کی پگڑی جو اچھالے گا ان کی پگڑیوں کا فٹ بال بنائیں گے، اداروں کو نشانہ بنانا بند کریں۔

 سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاستدان اگر دہری شہریت نہیں رکھ سکتا تو جج کیسے دہری شہریت کے ساتھ بیٹھے ہیں، جسٹس منصور شاہ اور جسٹس عائشہ احد کے سامنے بیٹھ کر آپ کا سینہ چوڑا ہو جاتا ہے، اطہر من اللہ بہت اصول پسند آدمی ہیں، وہ نہ حماقت کرتے ہیں نہ کرنے دیں گے۔

   فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ میرا گمان ہے جسٹس اطہر من اللہ کسی سے نہیں ڈرتے، نہ کسی سے ملتے ہیں، وہ کسی سیاسی جماعت کے نمائندے سے بھی نہیں ملتے، وہ شہ سرخیوں کیلئے فیصلہ نہیں کرتے، رات کے اندھیروں میں کسی سے نہیں ملتے، اطہر من اللہ جیسے تاریخی جج سے ایسی غلطی نہیں ہو سکتی، بہت کچھ جانتا ہوں، بہت کچھ سمجھتا ہوں، راز ہیں، شواہد ہیں اور میرا ہوم ورک ہے۔

  فیصل واوڈا نے کہا کہ چھٹی کے دن جسٹس بابر ستار کی جانب سے پریس ریلیز آتی ہے، 30 اپریل کو میں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو خط لکھا، جج بننے سے پہلے جسٹس بابر ستار نے اس وقت کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کو رپورٹ کیا، اس کی کوئی قانونی چیز ہو گی جو ہمیں نہیں مل رہی۔

 انہوں نے کہا آرٹیکل 19 اے کے تحت ہر پاکستانی انفارمیشن لے سکتا ہے مگر نہیں دی جا رہی جس کی وجہ سے ابہام بڑھ رہا ہے اور ایک سال پہلے کیوں یہ سب نہیں بتایا گیا، اب شواہد دینا پڑیں گے، اگر معاملہ جج بننے سے پہلے کا ہے اور ریکارڈ نہیں ہے تو پھر سوالات ہوں گے۔

Watch Live Public News