یوم پاکستان کی مناسبت سے مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ

یوم پاکستان کی مناسبت سے مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ
اسلام آباد ( پبلک نیوز) یوم پاکستان کی مناسبت سے اسلام آباد میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈشکرپڑیاں پریڈ گرائونڈ میں بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد ہوئی ٗ سول ٗ فوجی قیادت اور غیر ملکی شخصیات کی بھرپور شرکت ٗچاروں صوبوں ٗ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وفود نے بھی شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق 1940میں قرارداد پاکستان کے منظور ہونے کے تاریخی دن کی یاد میں اسلام آباد ٗشکر پڑیاں میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ ہوئی ٗ پریڈ میں تمام صوبوں کی جھلک نمایاں رہی ٗ بینڈز نے ملی نغموں کی دھنیں پیش کیں ٗ پاک فضائیہ ٗ بری و بحری افواج کی طرف سے طاقت کا مظاہرہ کیا گیا ۔ پاک فضائیہ کے پائلٹس نے اپنی فضائی مہارت سے پاکستانی عوام کے دل موہ لئے ٗ اس موقع پر پاکستانی آرمی کی طرف سے میزائل ٗ ٹینکس اور دیگر دفاعی ہتھیار کی بھی نمائش کی گئی جس سے دشمن کے دل دہل کر رہ گئے۔پاک فضائیہ کی شیر دل ٹیم نے فضائی مہارت کے مظاہرے دکھائے۔دوست ملک ترکی نے بھی پاکستانی مسلح افواج کی پریڈ میں خصوصی حصہ لیا ٗ ترکی کے پائلٹ نے سولو ترک طیارے میں اپنے فن کا مظا ہرہ کیا اور ترکی کے فوجی بینڈ نے تاریخی دھن بجائی اور پاکستان سے خراج تحسین کیلئے ’’دل دل پاکستان‘‘ کی دھن بھی بجائی اور ساتھ قومی ترانہ بھی گنگنایا۔ کورونا وبا کی وجہ سے پریڈ کے موقع پر ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا گیا۔افواج کی پریڈ کے لئے کووڈ سے بچائو کی ہیلتھ گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد کیا گیا ٗ فوجی دستوں اور تمام شرکا کو خصوصی بایو ببل میں رکھا گیا ٗپریڈ کے شرکا کی گرائونڈ سے باہر نقل و حرکت کو محدود رکھا گیا ٗپریڈ دیکھنے والے تمام افراد کو فیس ماسک فراہم کئے گئے ٗٹمپریچر گنز کے استعمال کے ساتھ انٹری پوائنٹس پر سینیٹائزر بھی فراہم کئے گئے ٗشرکا کی نشستوں کو سماجی فاصلے کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا۔صدر مملکت عارف علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جو دفاعی پیداوار میں خود کفیل ہیں ٗ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم پاکستان کی حفاظت کریں اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں ہم بھرپور جواب دیں گے۔وزیر اعظم عمران خان نے کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے پریڈ میں شرکت نہیں کی ۔

Watch Live Public News