حماس دہشتگرد تنظیم نہیں بلکہ حریت پسند گروپ ہے، رجب طیب اردوان

حماس دہشتگرد تنظیم نہیں بلکہ حریت پسند گروپ ہے، رجب طیب اردوان
انقارہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ حماس دہشتگرد تنظیم نہیں بلکہ ایک حریت پسند گروپ ہے جو اپنی سر زمین کے تحفظ کے لیے جنگ لڑ رہا ہے۔ اردوان نے پارلیمنٹ میں اپنی پارٹی کے منتخب اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ترکیہ کے اچھے ارادوں کا ناجائز فائدہ اٹھایا ہے اور اسی وجہ سے وہ اب اسرائیل کا دورہ نہیں کریں گے۔ ترکیہ کے صدر نے اسرائیل اور حماس کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ غزہ پر بمباری روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رفاہ سرحدی گیٹ کو انسانی امداد کے لیے کھلا رکھا جانا چاہیے اور دونوں فریقوں کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کو فوری طور پر مکمل کیا جانا چاہیے۔ تریہ صدر اردوان نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ روکنے میں اقوام متحدہ کی ’نااہلیت‘ پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔انہوں نے بین الاقوامی اسرائیل فلسطین امن کانفرنس کے انعقاد کی تجویز دی اور کہا کہ فلسطینی عوام کو دو ریاستی حل کے لیے متحد ہونا چاہیے،عرب ریاستوں کو اس کے لیے اخلاقی اور مالی مدد فراہم کرنی چاہیے۔ دیرپا امن اور جنگ بندی کیلئے مسلم ملکوں کو مل کر اقدامات اٹھانے چاہئیں، ترکیے فلسطینی فریق کے لیے ضامن بننے پر تیار ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔