کراچی ( پبلک نیوز) سندھ میں پانی بحران خوفناک صورت اختیار کر گیا ہے۔ سندھ حکومت نے پانی کی بدترین قلت پر ایس او ایس (میڈے ) کال دے دی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ آبپاشی سندھ کی جانب سے ارسا سے ہنگامی رابطہ کیا گیا ہے۔ کہا گیا کہ سندھ کو فوری طورپر پانی نہ ملا تو حالات بدترین ہو جائیں گے۔ سندھ حکومت کی جانب سے ہنگامی حالات کی کال پر ارسا نے اجلاس فوری طلب کر لیا۔ وزیر آبپاشی جام خان شورو کا کہنا ہے کہ سندھ نے ایک لاکھ 30ہزار کیوسک پانی ہنگامی بنیادوں پر مانگا ہے۔ ارسا سے کہا ہے کہ ہمارے حصے کے پانی سے بعد میں کٹوتی کر کے ابھی پانی دے دیں۔ آبپاشی وزرعی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سندھ کو اگر فوری پانی نہ ملا تو اربوں روپے کی زراعت تباہ ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب سندھ حکومت کی ایس او ایس واٹر کال کے بعد ارسا کی جانب سے جلد فیصلہ متوقع ہے۔