عمران خان نے معیشت کو ٹھیک کرنے کا روڈ میپ بتا دیا

عمران خان نے معیشت کو ٹھیک کرنے کا روڈ میپ بتا دیا
لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے معیشت کو ٹھیک کرنے کا پلان بتاتے ہوئے کہا کہ اقتدار ملا تو ہر پاکستانی کو برآمدات پر لگا دیں گے۔ ہم شارٹ ٹرم پلان پر ہر پاکستانی کو برآمدات پر لگا دیں گے کیونکہ مجھے خوف ہے انڈسٹریز اور برآمدات بند ہو رہی ہیں جبکہ آمدنی سکڑتی جا رہی ہے۔ لاہور مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ بڑی رکاوٹوں کے بعد لوگ جلسے گاہ پہنچے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔،جلسہ روکنے کے لیے ہمارے 2 ہزار کارکنوں کو گرفتار کیا گیا اور راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا لیکن عوام نے ہر چیز کو مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج آپ کو بتا دوں گا کہ کیسے ملک کو دلدل سے نکالنا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ہماری حکومت گرائی گئی اور جرائم پیشہ افراد کو ہم پر مسلط کیا گیا اور سازش کے تحت ملک کو دلدل میں پھنسایا گیا ہے لیکن لوگوں کا جنون طاقت سے نہیں روکا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ میں نے کئی ممالک میں وقت گزار کر دیکھا کہ لوگ نا انصافی کے خلاف کھڑے ہو جاتے ہیں اور میں نے اپنی قوم کو بھی ہر ظلم برداشت کرتے دیکھا لیکن جو قوم ظلم کے خلاف کھڑی نہیں ہوتی وہ غلام بن جاتی ہے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انصاف کا مطلب ہے کہ امیر غریب سب قانون کے سامنے برابر ہیں اور جس ملک میں طاقتور غریب پر ظلم کرسکے اسے بنانا رپبلک کہتے ہیں۔ مارشل لا میں آئین اور قانون کو ختم کر دیا جاتا تھا لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ ڈیموکریٹس نے بھی قانون کو نہیں چلنے دیا۔ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں لیکن قانون نہیں ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میرے اوپر مقدمات کی سنچری تو ہوگئی ہے اب ڈیڑھ سو پر جا رہا ہوں اور میرے خلاف دہشت گردی کے 40 مقدمات درج ہیں۔ 25 مئی کو جو ظلم ہوا اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا تھا، 8 مارچ کو اجازت لے کر ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا اور 8 مارچ کو صبح ہی شیلنگ کی خبریں چلنا شروع ہو گئیں۔ میرے دور میں پی ڈی ایم نے 3 مارچ کیے اور ایک بھی ایف آئی آر نہیں کٹی۔ میں نے انہیں کہا کہ مارچ کریں اور کھانے پینے کا بندوبست میں کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیو فیصلہ کر لو آپ نے ظلم کو برداشت نہیں کرنا۔ پاکستان معاشی طور پر تباہی کی جس سطح پر پہنچ گیا ہے وہاں سے آسانی سے واپس آنا ممکن نہیں اور کیا اقتدار میں بیٹھے لوگوں کے پاس کوئی روڈ میپ ہے ؟۔ عمران خان نے بتایا کہ اگر اللہ نے دوبارہ اقتدار میں آنے کا موقع دیا تو ہم نے ملکی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے پورا منصوبہ بنایا ہوا ہے اور ہم شارٹ ٹرم پلان پر ہر پاکستانی کو برآمدات پر لگا دیں گے کیونکہ مجھے خوف ہے انڈسٹریز اور برآمدات بند ہو رہی ہیں جبکہ آمدنی سکڑتی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔