بشام: مسافر گاڑی پردہشتگرد حملہ، 5 افراد ہلاک

بشام: مسافر گاڑی پردہشتگرد حملہ، 5 افراد ہلاک

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی مسافر گاڑی سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حملے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ نے دہشت گرد حملے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی افراد زخمی ہوئے۔

اطلاعات کے مطابق گاڑی اسلام آباد سے کوہستان جا رہی تھی اور بشام سے نکلی تھی کہ دہشت گرد حملہ ہوا۔

اطلاعات کے مطابق حملہ آور خودکش بمبار تھے۔ جنہوں نے اپنی بارود بھری گاڑی مسافر گاڑی سے ٹکرا دی۔

صدر مملکت کی مذمت: 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بشام میں چینی باشندوں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔صدر مملکت نے حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے  جاں بحق ہونے والے چینی باشندوں کے اہل خانہ اور چینی حکومت سے اظہار تعزیت کیا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ  پاکستان دشمن قوتیں پاک - چین دوستی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

بلاول بھٹو کی مذمت: 

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بشام میں دہشتگردی کی مذمت کی ہے ،انہوں نے  چینی باشندوں کی ہلاکت پر  افسوس کا اظہار کیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بشام میں دہشتگردی میں ملوث منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو بے نقاب کرکے سخت سزا دی جائے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے  چینی باشندوں کی ہلاکت پر چین کی حکومت سے اظہار تعزیت بھی کیا ،انہوں نے   بشام میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ 

بلاول بھٹو زرداری نے بشام میں دہشتگردی کی وجہ سے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بشام واقعہ کے مجرم سزا سے بچ نہیں سکتے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی مذمت: 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شانگلہ میں چینی شہریوں کی گاڑی پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے،انہوں نے   جاں بحق چینی شہریوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ   جاں بحق  چینی  شہریوں کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔  دکھ کی گھڑی میں چین کی حکومت اور جاں بحق شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔چینی شہریوں پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ  دشمن نے پاکستان کے انتہائی  قابل اعتماد دوست ملک کے شہریوں کو نشانہ بنایا۔یہ حملہ چینی شہریوں پر نہیں بلکہ پاکستان پر ہے ۔ دشمن کو اس حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی مذمت: 

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے  شانگلہ پر چینی  قافلے  پر خود کش حملے کی شدید مذمت کی اور   گہرے دکھ کا اظہار کیا۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کسی کو ملک کا امن خراب کرنے نہیں دیں گے،چین  اور پاکستان کے تعلقات برادرانہ ہیں، چین اور پاکستان بہت سے ترقیاتی منصوبوں میں بطور پارٹنر زہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ  نے کہا کہ  دہشتگرد ملک کی معیشت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے، ملک کا مستقبل روشن ہے اور ہمارے بہادر جوان  دشمن کو نیست و نابود کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان کی مذمت: 

 وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے بشام میں خود کش حملے کی مذمت کی ہے۔عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ  خود کش حملہ ملکی امن و امان کو برباد کرنے کی مذموم کوشش ہے۔  خود کش حملے میں ہونے والی جانوں کے ضیاع پر دل رنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تربت نیول ائیر بیس پر حملہ بھی بزدل دشمن کی مذموم کارروائی تھی،  قوم کے بہادر سپوتوں نے  منہ توڑ جواب دے کر دشمن کے ارادے خاک میں ملائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان بیک وقت معاشی و دفاعی محاذوں سمیت دہشت گردی کا مقابلہ کر رہا ہے، بطور قوم ہمارے حوصلے جوان ہیں اور پرعزم ہیں۔ہمارے سیکورٹی ادارے انتہائی باصلاحیت ہیں،جلد قابو پا لیں گے۔   ایسے وقت میں قوم کو متحد رہ کر حالات سے مقابلہ کرنا ہو گا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی مذمت: 

گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے  بشام واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔گورنر سندھ نے کہا ہے کہ بشام میں چینی باشندوں کی گاڑی پر دہشتگردانہ حملہ قابل مذمت ہے ، چینی حکومت اور ہلاک افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں ، چین پاکستان دوستی ہمالیہ سے بلند ہے ایسے واقعات پاک چین تعلقات کو خراب کرنے کی سازش کا حصہ ہیں ، ایسے واقعات دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں ہمارے حوصلوں کو متزلزل نہیں کرسکتے ، چینی باشندوں پر حملے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی مذمت: 

میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے بشام میں چینی قافلے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے حملے میں ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی کی۔

میئر کراچی نے کہا کہ  چینی بھائیوں پر حملہ ملک کا امن خراب کرنے کی کوشش ہے۔چین اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں جنہیں کوئی خراب نہیں کرسکتا۔ہمارے سیکورٹی ادارے بہت جلد دہشتگردوں کا صفایا کر دینگے۔

Watch Live Public News