اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے سے متعلق ترامیم ختم

اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے سے متعلق ترامیم ختم
قومی اسمبلی نے اورر سیز پاکستانیوں کو ووٹنگ اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق ترامیم کے خاتمے کا بل منظور کر لیا ہے۔ قومی اسمبلی میں انتخابات کا ترمیمی بل 2022ء وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے پیش کیا۔ وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بہت کم فرق سے اس بل کو قومی اسمبلی سے پاس کروایا گیا تھا۔ ای وی ایم پر الیکشن کمیشن میں بہت سے اعتراضات اٹھائے گئے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پورے ملک میں ایک ہی وقت میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ قوانین کو روندتے ہوئے اس بل کو منظور کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب ترمیمی بل بھی آج منظور کرایا جائے گا۔ انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس میں تمام سیاسی پارٹیوں کی نمائندگی ہے، صرف باہر درختوں اور املاک کو آگ لگانے والے نہیں ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رکن قومی اسمبلی صابر قائم خانی کا ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک مضبوط قانون اور الیکشن کمیشن کی ہمیشہ ضرورت رہی ہے۔ جو ترامیم لائی گئی ہیں وہ وقت کی ضرورت تھی۔ ہم ہمیشہ الیکشن میں اس معاملے میں متاثر رہے ہیں۔ صابر قائم خانی نے کہا کہ 2017 کا منظور کردہ بل اگر واپس آرہا ہے تو اس کی حمایت کریں گے۔ ان سیاسی جماعتوں سے بھی رائے لینا ضروری ہے جن کی اس ایوان میں نمائندگی نہیں ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔