بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے ہندوستان کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک قرار دیا ہے۔ انگریزی اخبار دی ہندو کی خبر کے مطابق جنرل راوت نے رواں ماہ کے آغاز میں چین کو بھارت کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے اور شکوک وشبہات بڑھ رہے ہیں۔ اس پر چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے سینئر کرنل اور وزارت دفاع کے ترجمان ووکیان نے اعتراض ظاہر کیا ہے۔ ایک پریس بریفنگ میں، انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام غیر ضروری طور پر نام نہاد چینی فوج کے خطرے کے بارے میں بات کرتے ہیں جو کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کی اسٹریٹجک رہنمائی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ووکیان نے بھارت کو تنبیہ کی کہ اس طرح کے بیانات جغرافیائی سیاسی محاذ آرائی کو فروغ دیتے ہیں۔ یہ غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک ہے۔