اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے عمرہ کے خواہش مند پاکستانیوں سے کہا ہے کہ صرف صحت مند افراد ہی عمرہ کے سفر کا انتخاب کریں، پی سی آر ٹیسٹ لازمی ہو گا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری ان دنوں سعودی عرب میں ہیں اور ان کی وہاں کے حکام سے حج و عمرہ کھولنے لئے ملاقاتیں جاری ہیں۔ وزیر مذہبی امور نے سعودی حکام سے درخواست کی ہے کہ پاکستانی زائرین کے لئے عمرہ پر عائد پابندی ختم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں صرف صحتمند پاکستانی ہی عمرہ کے سفر کا انتخاب کریں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ جیسے ہی سعودی حکومت سے اجازت ملے گی، عمرہ کھول دیاجائے گا جس کے لئے پی سی آر ٹیسٹ لازمی ہوگا۔