محسن نقوی کی سعودی سفیر سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

محسن نقوی کی سعودی سفیر سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
کیپشن: Mohsin Naqvi meeting with Saudi ambassador, discussing issues of mutual interest

ویب ڈیسک: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے سفارتخانے کا دورہ کیا ہے۔ جہاں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وفاقی  وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے سفیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک سعودیہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

سعودی سفیر نے اسلام آباد پولیس کی بہتری کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی جبکہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی کے جوانوں کے لئے رہائش کا انتظام کرنے پر سعودی عرب کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی گفتگوہوئی۔ ملاقات میں برما کے مسلمانوں کے لیے سفری دستاویزات  پر بھی بات چیت کی گئی۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کی تاریخی برادرانہ دوستی سود مند معاشی تعلقات میں بدل رہی ہے۔  سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کا حالیہ دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا۔  پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ولی عہد کے دورے کے منتظر ہیں۔ 

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے قوم دیدہ فرش راہ ہے۔ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔ سعودی عرب نے ہر آزمائش میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔ موجودہ دور میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ رہے ہیں۔ 

اس موقع پر سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ 

Watch Live Public News