اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ہرنائی میں آرمی ہیلی کاپٹر حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ہرنائی بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں 6 افسروں اور جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم نے شہدا میجر خرم شہزاد، میجر محمد منیب افضل، صوبیدار عبدالواحد، سپاہی محمد عمران، نائیک جلیل، سپاہی شعیب کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مادروطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کے لئے افواج پاکستان نے بےمثال قربانیاں دی ہیں ، قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے، یہ قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ ادھر پی پی پی چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی ہرنائی میں آرمی ہیلی کاپٹر حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے، بلاول بھٹو نے حادثے میں شہید ہونے والے میجرمحمد منیب افضل اور میجرخرم شہزاد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے شہید نائیک جلیل، شہید صوبیدارعبدالوحید، شہید سپاہی محمد عمران اور شہید سپاہی شعیب کو بھی سلام کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حالت جنگ ہو یا امن، مسلحہ افواج کے افسران و جوانوں کی ارضِ وطن کے لیے قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ خیال رہے کہ بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا،جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس سمیت 6 اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں پائلٹ میجر محمد منیب افضل اور پائلٹ میجر خرم شہزاد شہید ہوئے،اس کے علاوہ عملے میں شامل نائیک جلیل،صوبیدار عبدالواحد،سپاہی محمد عمران اور سپاہی شعیب بھی شہدا میں شامل ہیں ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر گذشتہ رات ہرنائی کے قریب گر کر تباہ ہوا۔