میاں چنوں: ڈائیلاسز یونٹ کے 6 مریضوں میں ایچ آئی وی کا شبہ، رپورٹس مزید تشخیص کیلئے ملتان منتقل

میاں چنوں: ڈائیلاسز یونٹ کے 6 مریضوں میں ایچ آئی وی کا شبہ، رپورٹس مزید تشخیص کیلئے ملتان منتقل
کیپشن: میاں چنوں: ڈائیلاسز یونٹ کے 6 مریضوں میں ایچ آئی وی کا شبہ، رپورٹس مزید تشخیص کیلئے ملتان منتقل

ویب ڈیسک: میاں چنوں کے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کے ڈائیلاسز یونٹ میں بچیوں اور ایک خاتون سمیت 6 مریضوں میں ایچ آئی وی کی علامات سامنے آنے کے بعد مریضوں اور ان کے لواحقین میں تشویش پائی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق نجی لیبارٹری کی رپورٹس میں دو بچیوں سمیت بعض مریضوں کے ایچ آئی وی پازیٹو ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے، تاہم سرکاری اور نجی لیبارٹری کی رپورٹس میں مبینہ تضاد موجود ہے۔ متاثرہ مریضوں کے مزید ٹیسٹ اور تشخیص کے لیے رپورٹس ایڈز سینٹر ملتان بھجوا دی گئی ہیں۔

متاثرہ بچی عفیفہ کی والدہ کے مطابق بچی ایک سال سے زائد عرصے سے ٹی ایچ کیو اسپتال میاں چنوں میں ڈائیلاسز کرا رہی ہے اور انہیں شبہ ہے کہ ڈائیلاسز کے دوران بچی ایچ آئی وی سے متاثر ہوئی۔

ٹی ایچ کیو اسپتال میاں چنوں کے ایم ایس ڈاکٹر محمد آصف نے بتایا کہ عفیفہ کا 9 ستمبر کو کیا گیا ایچ آئی وی ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ ان کے مطابق ڈائیلاسز مشین سے ایچ آئی وی کی منتقلی کا امکان نہیں، تاہم متاثرہ خون لگنے سمیت دیگر ممکنہ وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ایم ایس کے مطابق ایچ آئی وی کی حتمی تصدیق پی سی آر ٹیسٹ کے بعد ہی ممکن ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ عفیفہ، مریم اور روبینہ سمیت متاثرہ مریضوں کی رپورٹس مزید تشخیص کے لیے ملتان بھجوائی گئی ہیں۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر نے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے آنے پر مزید کارروائی کی جائے گی۔

Watch Live Public News