علی امین گنڈاپورکا شہریارآفریدی کے بیان پر کرارا جواب

12:50 PM, 27 Apr, 2024

ویب ڈیسک:  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کاکہنا ہے کہ پی ڈی ایم ٹو بغیر مینڈیٹ کے مسلط کی گئی ہے یہ تجربہ کامیاب نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے  جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے ٹھیک کہا،   شریف اور زرداری فیملی کوہمیشہ اپنی ذاتی معیشت کی فکر ہے، ذاتی معیشت کے حوالہ سے لوٹ مار اس کا ثبوت ہے، پاکستانی معیشت کا جو اقتدار میں رہ کر حال کیا ، جوتباہی ہوئی وہ بھی سب  بھی سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کا ان لوگوں کوکوئی احساس نہیں، ذاتی معیشت کیلئے لگے ہوئے ہیں، اس دفعہ وہ پریشان ہیں کہ اس بار ملک میں اتنا پیسہ نہیں ہے وہ کہاں سے کھائیں گے؟ ۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہمارے لیڈر ہیں،ان کی پارٹی ہے، چھوڑ جانے والوں کو واپس لینے کا فیصلہ بھی ان کا ہی ہوگا، شہریار آفریدی کے بیان سے متعلق وہی جواب دے سکتے ہیں۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ریکارڈ چیک کرلیں میرے بھائی کے مقابلے میں کسی نے ٹکٹ کیلئے اپلائی ہی نہیں کیاتھا، اگر ایک بندہ خود اپنی قابلیت پر الیکشن جیت کر آتاہے تو وہ موروثی سیاست نہیں ہے، میرے بھائی نے پہلے بھی ایم پی اے کا الیکشن لڑا، فرنچ شہریت چھوڑی تھی اور اپنی اہلیت کی بنیاد پر آیاہے، اسے دوبارہ ٹکٹ بھی بانی پی ٹی آئی نے دیا اورجتنے ووٹوں سے جیت کر آیا اس سےاہلیت کو ثابت کیا۔

وزیراعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے مشعال یوسفزئی اور خالد مروت سے متعلق کوئی شکایت نہیں کی،جس نے بات کی وہی جواب دے، بانی پی ٹی آئی  عمران خان نے ہمیشہ ملک اور اداروں کی بات کی، وہ سمجھتے ہیں کہ وہ بات نہیں کرنی چاہیے،جو ملک اور اداروں کیلئے بہتر نہ ہو۔

علی امین گنڈا پور کی ضمانت قبل ازگرفتاری میں 6 مئی تک توسیع

قبل ازیں توڑ پھوڑ اور احتجاج کے کیس میں انسداد دہشتگری عدالت اسلام آبادنے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 6 مئی تک توسیع کردی۔

انسداد دہشتگری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس پر سماعت کی ، علی امین گنڈا پور اپنے وکیل راجہ ظہور الحسن کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے ۔ 

جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ کیس کی سماعت میں بار بار پوچھ رہا تھا کہ علی امین گنڈا کی طرف سے کوئی موجود ہے۔

کے پی وزیراعلیٰ نے کہا کہ 6 مئی کو پشاور میں ایک میٹنگ ہے وہاں جانا ضروری ہے، اگر 6 مئی کی تاریخ رکھنی ہے تو حاضری سے استثنیٰ دی جائے۔

عدالت نے علی امین گنڈا پور کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 6 مئی تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

مزیدخبریں