ویب ڈیسک: برطانوی پاکستانی ریسر انعام احمد نے اس ہفتے دبئی 12 آور اینڈیورینس کارٹنگ ریس میں نیشنز کپ میں پاکستان کی طرف سے سرفہرست 4 کھلاڑیوں میں جگہ بنا کر ایک سنگِ میل عبور کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق 24سالہ احمد لندن میں پاکستانی والدین کے ہاں پیدا ہوئے جہاں انہوں نے آٹھ سال کی عمر میں گو کارٹ ٹریکس پر ریسنگ شروع کی۔ وقت کے ساتھ ساتھ ان کا شوق بڑھتا گیا اور بالآخر وہ 12 سال کی عمر میں برٹش فارمولا چیمپیئن اور 14 سال کی عمر میں یورپی اور عالمی چیمپیئن بن گئے۔ وہ اس وقت امریکن فارمولا 3 لیگ میں ہیں جس سے قبل وہ برطانوی فارمولا 3 میں کار ریسنگ کر رہے تھے اور 17 سال کی عمر میں چیمپئن بن گئے۔
احمد نے بتایا کہ دبئی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستانی ٹیم بنانے کی غرض سے انہوں نے "پاکستان کے دو باصلاحیت ڈرائیورز" یعنی معاز چغتائی اور شمیق سعید کا انتخاب کیا۔
کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان دنیا بھر کی 30 بہترین اینڈیورینس ٹیموں کے خلاف نیشنز کپ میں دوسری اور مجموعی طور پر چوتھی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ اس کے بعد ٹیم پاکستان نے تاریخی ٹاپ 4 میں کامیابی حاصل کی لیکن بدقسمتی سے ٹائر پنکچر ہو جانے کی وجہ سے 30 ویں نمبر پر چلے جانے کے بعد بھی اس نے روایتی حریف بھارت پر نو-لیپ کی متأثر کن برتری کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، "پاکستان کی نمائندگی کرنا اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ یہ سنگِ میل حاصل کرنا اعزاز کی بات ہے۔ ہم نے اپنے ملک کا نام سربلند کرنے کے لیے انتھک محنت کی اور بھارت کے خلاف جو ایک اہم فتح حاصل کی، اس سے ہمارے کارنامے میں دلی اطمینان کا مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔۔ یہ فتح نہ صرف موٹر سپورٹ میں پاکستان کی صلاحیتوں کو نمایاں بلکہ ایک نئے باب کا آغاز کرتی ہے جس سے ڈرائیوروں کی ایک نئی نسل کی حوصلہ افزائی ہو گی۔"