سیاست عبادت ہے، اگر لوگوں کی خدمت کی جائے

سیاست عبادت ہے، اگر لوگوں کی خدمت کی جائے
چودھری پرویز الٰہی نے وزارت اعلیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی سیلاب زدہ متاثرین کیلئے فوری طور پر ریلیف کے کاموں کا حکم دیدیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ سیاست عبادت ہے اگر لوگوں کی خدمت کی جائے۔ ارکان اسمبلی مل کر فوری طور پر سیلاب متاثرین کیلئے ڈی جی خان سیلاب زدگان کی مدد کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلاب میں گھرے متاثرین کو کھانا، ادویات اور دیگر ضروری اشیا فوری طور پر پہنچائیں۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پرویز الٰہی نے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھال لیا ہے۔ https://twitter.com/chparvezelahi/status/1551902744721891328?s=20&t=2oxiGJ7QB7xIBl7ik9CHug انہوں نے گذشتہ رات صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے حلف لیا کیونکہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد چودھری پرویز الٰہی خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچے اور ایوان صدر میں حلف اٹھایا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے فرزند چودھری مونس الٰہی، مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما اور دیگر سیاسی قائدین بھی موجود تھے۔ خیال رہے کہ چودھری پرویز الہیٰ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں 186 ووٹ ملے تھے تاہم ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری نے ووٹنگ کے بعد مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کا خط پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے اپنے پارٹی ممبران کو ووٹ نہ دینے کی ہدایت کی تھی۔ https://twitter.com/chparvezelahi/status/1552026565936283648?s=20&t=2oxiGJ7QB7xIBl7ik9CHug اس کے بعد ڈپٹی سپیکر نے مسلم لیگ ق کے ووٹ مسترد کرتے ہوئے حمزہ شہباز کی بطور وزیراعلیٰ کامیابی کا اعلان کر دیا تھا۔ اس موقع پر ق لیگ کے رہنمائوں نے اسمبلی فلور پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اس کو آئین کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔ اسی رات چودھری پرویز الٰہی نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا اور درخواست کی کہ ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دیا جائے۔ سپریم کورٹ نے ان کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے کیس سنا اور بطور وزیراعلیٰ ان کی فتح کا اعلان کر دیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔