ویب ڈیسک: بالی ووڈ اداکارہ اروشی ان دنوں اپنی آنے والی فلم ‘جے این یو’ کو لے کر خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ان کی آںے والی فلم کالج کی سیاست پر مبنی ہے، جس کے چرچے سوشل میڈیا پر ہورہے ہیں۔ اس دوران ایک انکشاف ہوا ہے کہ اداکارہ بہت جلد کسی سیاسی پارٹی میں شامل ہوجائیں گی، اور یہ بھی ممکن ہے کہ وہ لوک سبھا کا الیکشن بھی لڑیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اروشی روٹیلا کے حوالے سے افواہیں اس وقت حقیقت بنیں جب اداکارہ نے خود اس بارے میں بات کی، سوشل میڈیا پر کافی ایکٹیو رہنے والی اداکارہ اروشی روٹیلا اکثر اپنی پوسٹس سے سوشل میڈیا پر موجود اپنے مداحوں کو بھی ایکٹو رکھتی ہیں اور سوشل میڈیا کا درجہ حرارت بڑھاتی رہتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہیں سیاست میں آنے کا ٹکٹ مل چکا ہے، دراصل جب اداکارہ سے پوچھا گیا کہ انہیں سیاست میں کتنی دلچسپی ہے؟ اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے سیاست میں آنے کا ٹکٹ مل گیا ہے۔ لیکن اب مجھے فیصلہ کرنا ہے کہ میں اس کا حصہ بننا چاہتی ہوں یا نہیں۔
اروشی نے مزید کہا کہ وہ ابھی تک نہیں جانتی کہ وہ کیا فیصلہ کریں گی۔ انہوں نے مداحوں سے رائے مانگی ہے کہ انہیں سیاست کا حصہ بننا چاہیے یا نہیں؟ جس پر مداحوں نے اپنی رائے دینی شروع کردی ہے۔