پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں ہوشربا اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ درخواست میں وفاقی حکومت اور آئل گیس اینڈ ریگولیٹری کے حکام سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں یہ درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اپناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا اقدام غیر قانونی ہے۔ یہ فیصلہ لیتے ہوئے نہ تو کابینہ سے مشاورت کی گئی اور نہ ہی اس سے منظوری لی گئی۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ حکومت کے حالیہ اقدام کا لاہور ہائیکورٹ فوری نوٹس لے کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دے۔ یہ بھی پڑھیں: پیٹرول مہنگا کرنے پر عمران خان کا شدید ردعمل اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ قوم نے امپورٹڈ سرکار کی بیرونی آقاؤں کی غلامی کی قیمت ادا کرنا شروع کر دی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 20 فیصد یا 30 روپے فی لیٹر اضافہ، ہماری تاریخ کا سب سے بڑا یکمشت اضافہ ہے۔ عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اس کے ساتھ ہی قوم نے امپورٹڈ سرکار کی بیرونی آقاؤں کی غلامی کی قیمت ادا کرنا شروع کر دی ہے۔ نااہل اور بے حس حکومت نے 30 فیصد سستے تیل کی خریداری کیلئے روس سے ہمارا سودا حاصل نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے برعکس امریکہ کے سٹریٹیجک شراکت دار بھارت نے روس سے سستا تیل خرید کر ایندھن کی قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر کمی کی ہے۔ ہماری قوم اب مجرموں کے اس گروہ کے ہاتھوں مہنگائی کا ایک بڑا طوفان بھگتے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔