اعظم سواتی کی تقاریر ، پریس کانفرنس نشر کرنے پر پابندی عائد

اعظم سواتی کی تقاریر ، پریس کانفرنس نشر کرنے پر پابندی عائد
اسلام آباد: پاکستان کی عسکری قیادت کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے پر پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے اعظم سواتی کی تقاریر اور پریس کانفرنس نشر کرنے پر سخت پابندی عائد کر دی۔ پیمرا کی جانب سے جاری پابندی کے حکم نامے میں اعظم سواتی کی تازہ متنازع تقریر کا قابل اعتراض متن بھی شامل کیا گیا ہے۔ پیمرا نے واضح طور پر کہا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف بیانات آئین کے آرٹیکل 19 کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ ریاستی اداروں کے خلاف تقریر نشر کرنا پیمرا آرڈیننس، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔ پیمرا نے کہا ہے کہ اعظم سواتی کی کوئی تقریر، پریس کانفرنس، یا کسی ٹاک شو میں بطور مہمان کی گئی کوئی گفتگو یا بیان نشر یا نشر مکرر نہیں ہو گا۔ پیمرا کی جانب سے جاری ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نہ ہی اعظم سواتی کے کسی بیان کے کوئی ٹکرز چلیں گے۔ پیمرا نے خبردار بھی کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے چینلز کا نہ صرف لائسنس بغیر کوئی نوٹس دیئے معطل کردیا جائے گا بلکہ قانون کے مطابق مزید کارروائی بھی کی جائے گی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔