اسلام آباد: سرکاری سکیم کے تحت حج 2024 کے لئے درخواستوں کی وصولی شروع ہوگئی۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج سکیم کے تحت 15 نامزد بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی 12 دسمبر تک جاری رہے گی۔ وزارت مذہبی امور کے اعلامیہ کے مطابق آئندہ برس تقریباً 89 ہزار 605 پاکستانی سرکاری سکیم کے تحت حج کریں گے، مقررہ تعداد سے زائد درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کی جائے گی، خواتین پہلی بار محرم کے بغیر حج ادا کر سکیں گی۔ ترجمان کے مطابق 16 دسمبر 2024 تک کارآمد پاکستانی پاسپورٹ پر درخواستیں جمع کروائی جا سکیں گی، پاسپورٹ اپلائی کرنے کے ٹوکن پر بھی حج درخواست پراسیس ہو سکے گی۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سپانسر شپ سکیم کے تحت 25 ہزار نشستیں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر جمع ہوں گی، ریگولر حج سکیم کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں پر قرعہ اندازی کی جائے گی۔