آئندہ عام انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال کا معاملہ، الیکشن کمیشن آف پاکستان کا انٹرنیٹ ووٹنگ سے متعلق اپنے خدشات ایک بار پھر حکومت کے سامنے رکھنے کا فیصلہ۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینز سے متعلق بھی بریفنگ تیار کر لی۔ آئندہ عام انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے قائم ذیلی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی کی زیر صدارت ذیلی کمیٹی کا اجلاس کل ایوان صدر میں ہو گا۔ الیکشن کمیشن کے ڈی جی آئی ٹی الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انٹرنیٹ ووٹنگ پر ایوان صدر میں بریفنگ دیں گے۔
الیکشن کمیشن انٹرنیٹ ووٹنگ کے ممکنہ خدشات کے باعث آئی ووٹنگ کی مخالفت بھی کر چکا ہے۔ اجلاس میں چئیرمین نادرا،الیکشن کمیشن حکام سمیت ایچ ای سی اور نسٹ کے حکام بھی شرکت کریں گے۔